ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کیلئے (ن) لیگ ،پیپلز پارٹی کا آپس کا گٹھ جوڑ توڑنا ہوگا ‘چار ،چار بار ناکام رہنے والے آج دوبارہ بر سر اقتدار ہیں ،چھٹکارے کیلئے سب کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہوگا

آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف کا اے پی ایم ایل وسطی پنجاب کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن سے ٹیلیفونک خطاب

ہفتہ 13 فروری 2016 21:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 فروری۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے لیگی دھڑوں کے اتحاد کو ملکی مفاد کیلئے نا گزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کیلئے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کا آپس کا گٹھ جوڑ توڑنا ہوگا ، قوم کی بد قسمتی ہے چار ،چار بار ناکام رہنے والے آج دوبارہ بر سر اقتدار ہیں جن سے چھٹکارے کیلئے سب کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہوگا۔

وہ ہفتہ کو گارڈن ٹاؤن میں اے پی ایم ایل سنٹرل پنجاب کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن سے ٹیلیفونک خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد ، ایڈیشنل سیکرٹری فرخ چیمہ ،خواتین ونگ کی مہرین عادم ملک،پنجاب کے صدر پیر سید صفدر رسول شاہ ، جنرل سیکرٹری چوہدری نواز وڑائچ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف نے کہا کہ چند روز قبل طبیعت ناساز ہوئی تھی لیکن اب الحمد اﷲ روبصحت ہوں ، انشا اﷲ بہت جلد جلسے اور جلوسوں کی قیادت کرتا ہوا نظر آؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کرپشن زدہ حکومتی نظام فیل ہو چکا ہے ۔ اس وقت ملک کی معیشت بد ترین حالات میں ہے ۔کرپشن اتنی زیادہ ہے کہ عوام کی خوشحالی اورملکی ترقی کے لئے ایک پیسہ نہیں لگ رہا ۔ تمام حب الوطن پاکستانیوں کو کوشش کرنی چاہیے کہ موجودہ حالات میں تبدیلی آئے ، اگر موجودہ حالات میں تبدیلی لانے کے لئے کوشش نہ کی گئی تو خدا نخواستہ یہی نا اہل لوگ آئندہ دوبارہ پانچ سال حکومت کیلئے منتخب ہو جائیں گے ۔

قوم کی بد قسمتی ہے کہ لیڈر شپ نا اہل اور بدنیت ہے ، ہم سب کا فرض ہے کہ ان سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے جدوجہد کریں اور واضح تبدیلی لائیں اور یہ تب ہی آئے گی جب (ن) لیگ او رپیپلز پارٹی کاگٹھ جوڑ توڑاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی چوتھی ،چوتھی بار بر سر اقتدار ہیں اور مسلسل ناکام ہونے کے باوجود دوبارہ بر سر اقتدار ہیں ۔

انہوں نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کے لئے لازم ہے کہ ہم لوگ اپنی پارٹی کو منظم کریں ، ضلع ،تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر پارٹی کو متحرک کیا جائے ۔ مرکزی رہنما پارٹی میں شمولیت کیلئے محنتی اور ایماندار لوگوں کا انتخاب کریں اور کرپٹ لوگوں کو پارٹی کا حصہ نہ بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی مفاد کیلئے تمام لیگی دھروں کا اتحا د نا گزیر ہے ۔ جو لوگ ،جماعتیں اورتنظیمیں موجودہ حکومت سے تنگ ہیں انہیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ لیگوں کے تمام دھڑے اے پی ایل میں شامل ہوں گے تو پھر ہی موجودہ نظام کو تبدیل کرنے کیلئے آگے بڑھا جا سکتا ہے ۔