بارگاہِ الٰہی میں سجدہ ریزی کے بعد سب سے بڑی عبادت خدمت خلق ہے ،معاشرے کے اُن طبقات جو مختلف مشکلات،تکالیف اور مصیبتوں سے دوچار ہیں، ان کے دکھوں کے مداوے کے لئے ہمیں خود بخود بڑھ چڑھ کر کام کرنا ہوگا

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کا سیمینار سے خطاب

ہفتہ 13 فروری 2016 21:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 فروری۔2016ء ) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ بارگاہِ الٰہی میں سجدہ ریزی کے بعد سب سے بڑی عبادت خدمت خلق ہے ،معاشرے کے اُن طبقات جو مختلف مشکلات،تکالیف اور مصیبتوں سے دوچار ہیں ان کے دکھوں کے مداوے کے لئے ہمیں خود بخود بڑھ چڑھ کر کام کرنا ہوگا جس سے ہمیں زندگی کا سکون ہی نہیں بلکہ آخرت میں بھی اَجر ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ خود کو خدمت خلق کے لئے وقف کرنے والے افراد ہمارے معاشرے کا جھومر ہیں اور حکومت ایسے لوگوں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کرنے کے لئے تیار ہے۔ وہ ہفتہ کوگورنر ہاؤس لاہور میں علی ہجویری فری ڈرگ بنک کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے ۔ تقریب میں مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق، سابق میئر لاہور خواجہ احمد حسان، علی ہجویری فری ڈرگ بنک کے سربراہ ڈاکٹر ظہیر الحسن میر،سابق ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، سیکرٹری اوقاف نیر اقبال ،ممبر قومی اسمبلی وحید عالم ، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان اسد منظور بٹ سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مخیر حضرات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمار ادین مکمل ضابطہ حیات ہے جس میں سب سے زیادہ زور حقوق العباد پر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کی طرف سے زندگی کی راحتیں اور آسائشیں حاصل کرنے والے صاحب ثروت لوگ حقیقت میں ایک آزمائش سے بھی گزر رہے ہیں کہ وہ اپنی دولت کو کس طرح خدمت انسانیت کے لئے خرچ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ زندگی کی اس حقیقت کو جان لیتے ہیں وہ خدمت انسانیت کو ہی اپنا شعار بنالیتے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ یہ اَمر خوش آئند ہے کہ ہمارے معاشرے میں دکھی انسانیت کا جذبہ رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستحق اور نادار افراد کو زندگی کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لئے حکومتی کوششیں اپنی جگہ تاہم سول سوسائٹی کے فعال کردار کے بغیر ایک فلاحی معاشرے کے قیام کا خواب شرمندہ ٔ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ گورنر پنجاب نے صحت کے شعبے میں علی ہجویری ڈرگ بنک کے کردار کو سراہا اور ان کو اپنے آپریشن کو وسیع کرنے کے حوالے سے حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صحت کی معیاری سہولتوں کو صوبے کے کونے کونے میں پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ تقریب سے علی ہجویری فری ڈرگ بنک کے سربراہ ڈاکٹر ظہیر الحسن میر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ گورنر پنجاب کو بتایا گیا کہ صحت کے شعبے میں خدمت خلق کرنے والے اس ادارے نے مختصر عرصے میں ایک لاکھ اسی ہزار مریضوں میں اڑھائی کروڑ مالیت کی ادویات مفت تقسیم کی ہیں جبکہ ان کے فلاحی کاموں میں دن بدن تیزی آرہی ہے۔ اس موقع پر داتا دربار مسجد کے خطیب قاری رمضان سیالوی نے گورنر پنجاب کو علی ہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخش ؒ کی تصنیف ـ’’کشف المجوب‘‘ پیش کی۔