Live Updates

عمران خان نے ریاست جموں و کشمیر کو تین حصوں میں تقسیم کر نے کی تجویزدیدی

آزاد کشمیراور مقبوضہ کوخود مختار،گلگت بلتستان کوپاکستان ، لداخ اور جموں کو بھارت کے حوالے کیاجائے ، ریاست کشمیر کو10 سالوں کیلئے پاکستان اور بھارت سے الگ رکھ کر10سالوں بعد وہاں رائے شماری کروائی جائے ، لداخ اور جموں بھارت کیلئے اتنے اہم ہیں جتنا گلگت بلتستان پاکستان کے لئے ہے،میرے نزدیک یہ مسئلہ کشمیر کا بہترین حل ہے چیئرمین تحریک انصاف کا کشمیری اخبار میں شائع خصوصی انٹرویو

ہفتہ 13 فروری 2016 21:11

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 فروری۔2016ء) چیئرمین تحریک انصاف پاکستان عمران خان نے ریاست جموں و کشمیر کو تین حصوں میں تقسیم کر کے آزاد کشمیراور مقبوضہ کوخود مختار،گلگت بلتستان کوپاکستان جبکہ لداخ اور جموں کو بھارت کے حوالے کرنے کی تجویز دیدی۔ریاست کشمیر کو10 سالوں کے لیے پاکستان اور بھارت سے الگ رکھ کر10سالوں بعد وہاں رائے شماری کروائی جائے۔

آزاد کشمیر الیکشن میں پورا زور لگاؤں گا، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کو دھاندلی نہیں کرنے دوں گا۔عمران خان نے ان خیالات کا اظہارہفتہ کوآزاد کشمیر کے کثیر الاشاعت روزنامے ''جموں وکشمیرـ''میں شائع ہونے والے خصوصی انٹرویو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ِآزاد کشمیر میں ٹکٹوں کی تقسیم پارلیمانی بورڈ کرے گا جو بیرسٹر سلطان کی مشاورت سے بنایا جائے گا مرکز سے بھی لوگ شامل کئے جائیں گے کارکنان کو اعتماد میں لیا جائے گا، کشمیر پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے پاک فوج اس پر کوئی کمپرومائز کرنے کو تیار نہیں ہے ، ان کا کہنا تھا کہ مسلہ کشمیر کا بہتر ین حل یہ ہے کہ کشمیر کو تین حصوں میں تقسیم کیا جائے،لداخ بھارت ،گلگت بلتستان پاکستان کو دے دیا جائے وادی اور آزاد کشمیر کو ملا کر تیسرا حصہ خود مختار کر دیا جائے آ زاد کشمیر الیکشن کے بعد فی الفور انٹرا پارٹی الیکشن کروائیں گے، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کارکردگی سے مطمئن ہوں آمدہ انتخابات میں آزاد کشمیر بھر کا دورہ کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا پاکستان تحریک انصاف بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے ہم غریبوں کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں کسی کو انتخابات میں دھاندلی کی ہرگز اجازت نہیں د یں گے انہوں نے کہا کہ جب تک سیاسی مداخلت اور سفارش کلچر کا خاتمہ نہیں ہو جاتا اس وقت تک گورننس بہتر نہیں ہو سکتی۔ ہم نے خیبرپختونخواہ میں سیاسی مداخلت اور سفارش کلچر کا خاتمہ کر کے اداروں کو اپنی اپنی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں جب ادارے اپنے فرائض سرانجام دیں گے تو اداروں کی کارکردگی بہتر ہو گی انہوں نے کہا کہ دس سال تک کشمیر کو بھارت اور پاکستان دونوں ملکوں سے الگ کیا جائے اور دس سال بعد کشمیری عوام سے رائے شماری کے ذریعے پوچھا جائے کہ وہ بھارت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا پاکستان کے ساتھ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کے لئے ویسے ہی ہے جیسا کہ لداخ بھارت کے لئے ،مسئلہ کشمیر کو سنجیدگی سے کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق حل کیا جائے تو اس مسئلے کا حل بھی نکل سکتا ہے اور دونوں ممالک کیلئے بہترین حل ہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے اداروں سے سیاسی مداخلت اور سفارش کے کلچر کو ختم کر کے اداروں کو آزادانہ کام کرنے دیا جائے تو کرپشن کا خاتمہ ہو سکتا ہے اور ملک ترقی کر سکتا ہے

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات