معصوم کارکنوں کا قتل مسلم لیگ(ن) کے لیڈران کے آمرانہ طرز عمل کا منہ بولتا ثبوت ہے

پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ کا آصف علی زرداری کابیان

ہفتہ 13 فروری 2016 19:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 فروری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کے دو کارکنوں کے قتل پر شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم کارکنوں کا قتل پاکستان مسلم لیگ(ن) کے لیڈران کے آمرانہ طرز عمل کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہفتہ کی دوپہر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے نکیال کوٹلی آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلزپارٹی کے کنونشن پر دھاوا بول کر فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں پارٹی کے دو کارکن شہید اور پانچ کارکن زخمی ہوگئے۔

سابق صدر نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے پی ایم ایل(ن) کے وزراء کشمیر جا کر پیپلزپارٹی کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کر رہے تھے اور آج اس کے نتیجے میں پارٹی کے معصوم کارکنوں پر فائرنگ کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے آزاد کشمیر کی حکومت سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ ذمہ داروں کو فوری طور گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

انہوں نے آزاد کشمیر پارٹی کے لیڈروں کوہدایت کی کہ وہ شہداء کے گھر جا کر ان کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کریں اور زخمیوں کے بہترین علاج معالجے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے شہداء کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے شہدا ء کے اعلیٰ درجات اور متاثرہ خاندانوں کے لئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔

متعلقہ عنوان :