زونگ اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز(لمز) میں یاداشت پر دستخط

ہفتہ 13 فروری 2016 19:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 فروری۔2016ء) معروف ٹیلی کام کمپنی زونگ اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز(لمز)نے ایک یاداشت پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت زونگ لمزیونیورسٹی میں پاکستان کی پہلی جدید ترین 4G ریسرچ لیبارٹری تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ 4G کی دیگر جدید ترین سروسز فراہم کرے گا جن میں انٹر پرائز سلوشنز،طلباء و طالبات کو ریسرچ پراجیکٹس میں مدد اور ایکسٹرن شپ کی فراہمی شامل ہے۔

اس موقع پرگزشتہ روز لمزیونیورسٹی میں ایک سادہ مگر پر وقار تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں زونگ کے سی ای او مسٹر لیو ڈیان فینگ اور لمزکے وائس چانسلر سہیل نقوی کے علاوہ دونوں اداروں کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔واضح رہے کہ اس جدید ترین لیبارٹری کا قیام ZTE کے تکنیکی اشتراک سے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

لمز کے طلباء و طالبات زونگ کی تیز ترین 4G سروسز سے اپنی روزمرہ کی اسائنمنٹس، ریسرچ پیپرز، تھیسز اور دیگر متعلقہ تعلیمی مواد کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر سکیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زونگ کے سی ای او مسٹر لیو ڈیان فینگ کا کہنا تھا کہ چائنہ موبائل اپنے اس عزم پر قائم ہے کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کی بہتری کیلئے طویل المدتی سرمایہ کاری کی جائے تاکہ عام لوگوں کی زندگی میں بہتری نمایاں ہو سکے۔آج کی یہ تقریب بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جس کے تحت ہم ان نوجوانوں کیلئے سرمایہ کاری کر رہے ہیں جنہوں نے مستقبل کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔

زونگ کی4G سروسز سے ہمارے یہ نوجوان ریسرچ کو وسیع کرتے ہوئے نہ صرف ٹیلی کام سیکٹر بلکہ دیگر شعبوں میں بھی آگے بڑھنے کے مواقع حاصل کر سکیں گے۔مسٹر فینگ کا مزید کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ ان کی کمپنی پاکستان میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کرتے ہوئے 4G کی جدید ترین سروسز فراہم کر رہی ہے جس سے بہت جلد تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت ،بینکنگ،کارپوریٹ سیکٹر اور حکومتی امور سمیت متعدد شعبوں میں انقلاب بپا ہو گا۔

اپنے خطاب میں لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے وائس چانسلر سہیل نقوی کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ اس شراکت داری سے ہمارے طلباء و طالبات کو ٹیلی کام سیکٹر میں مختلف النوع ترقیاتی پراجیکٹس اورجدید ریسرچ پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ جدید دور کی نئی راہیں تلاشنے میں آسانی ہو گی۔جدید لیب کے ساتھ ساتھ اس معاہدہ کے تحت 4G سروسز کی بلا تعطل فراہمی کیلئے لمز کی حدود میں کسٹمر سروسز سنٹر کی تعمیر کے علاوہ تین اِن بلڈنگ سلوشنز کی تنصیب بھی کی جائے گی۔لمز زونگ کے انٹرپرائز سلوشنز اختیار کرے گا اور زونگ یونیورسٹی طلبا ء و طالبات کو ریسرچ پراجیکٹس میں مددفراہم کر نے کے علاوہ ایکسٹرن شپ کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔

متعلقہ عنوان :