شہریوں کو ٹریفک کی روانی میں دشواری پیش نہ آئے

رانگ پارکنگ اور تجاوزات کیخلاف سخت کارروائی کریں گے ۔طیب حفیظ چیمہ سی ٹی اوکا رانگ پارکنگ ، تجاوزات کے خلاف موثر کارروائی نہ کرنے پر09وارڈنز کو شوکاز ،جرمانہ۔ چیف ٹریفک آفیسر کا بسلسلہ سپیشل ٹریفک انتظامات اندرون شہر اور سٹی ڈویژن کا اچانک وزٹ

ہفتہ 13 فروری 2016 19:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 فروری۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے سٹی ڈویژن میں ٹریفک انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مختلف علاقوں کا وزٹ کیا۔انہوں نے فرائض میں غفلت ولاپرواہی اور ڈیوٹی پوائنٹس سے غیر حاضری کی بناء پر 09 ٹریفک وارڈنز کو شوکاز نوٹس اور جرمانے کا حکم جاری کردیا۔ انہوں نے تمام ڈی ایس پیزاورسیکٹرز انچارجز کو سختی سے ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں رانگ پارکنگ اور تجاوزات کیخلاف ٹھوس کارروائی پر خصوصی توجہ رکھیں تاکہ شہریوں کو ٹریفک کی روانی میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔

چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے بسلسلہ سپیشل ٹریفک انتظامات اندرون شہر اور سٹی ڈویژن کے مختلف علاقوں کا سرپرائز وزٹ کیا۔انہوں نے فرائض میں غفلت کوتاہی کرنے پر ٹریفک وارڈنز افتخارچوک دہلی گیٹ ،یاسر آٹو مارکیٹ ،قیصر موچی گیٹ ،آصف اندرون بھاٹی گیٹ ،راشد کشمیری گیٹ ،ساجد مستی گیٹ ،علی شیرانوالہ گیٹ سمیت 09ٹریفک وارڈنز کو شوکاز نوٹس اور نقد جرمانے کا حکم دیدیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وارڈنز ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر کریں اور دوران ڈیوٹی شہریوں کی مدد،راہنمائی کو معمول بنائیں۔طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ رانگ پارکنگ اور تجاوزات کیخلاف ٹھوس اقدامات نہ کرنے والے افسران اور وارڈنز کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سرکل افسران اپنے اپنے علاقوں میں رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر دفتر ارسال کریں گے اس بابت کوتاہی کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔