وزیر اعلیٰ پنجاب سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات،دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبوں خصوصاً توانائی سیکٹرمیں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

برداشت و میانہ روی پر مبنی پاکستانی معاشرے کا قیام ہمارا مشن ہے جو ضرور حاصل کریں گے، قائداعظمؒ کے پاکستان میں دہشتگردی اور انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں ، دہشتگردی کیخلاف پوری پاکستانی قوم یکسو ہے،معصوم لوگوں کو نشانہ بنانیوالے انسانیت کے دشمن کسی رعایت کے مستحق نہیں،دہشت گرد پوری انسانیت کے کھلے دشمن ہیں‘ شہبازشریف محمدشہباز شریف انتہائی محنت سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں،شہبازشریف کی کارکردگی لائق تحسین ہے ‘ امریکی قونصل جنرل

ہفتہ 13 فروری 2016 17:59

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں امریکی قونصل جنرل زیچرے ہارکین رائیڈر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں خصوصاً توانائی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورامریکہ کی دوستی کثیرالجہتی تعلقات پرمبنی ہے اور امریکہ کا پاکستان کے توانائی شعبہ میں بڑھتا ہوا تعاون لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے جس کے باعث توانائی کی ضروریات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔پاک امریکہ تعلقات کا ذکرکرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ رواداری، تحمل اور برداشت کو فروغ دینے میں ایک دوسرے کے پارٹنرز ہیں اور دونوں ملک امن ،رواداری اور برداشت کو فروغ دینے میں یکساں سوچ کے حامل ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان میں تحمل،برداشت اورمیانہ روی پر مبنی معاشرے کی تشکیل ہمارا مشن ہے اورر قائداعظمؒ کا یہ عظیم مقصد ضرور حاصل کریں گے۔پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے مطابق فلاحی ریاست بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور تحمل، رواداری اور میانہ روی کو فروغ دے کر ہی قائدؒ کے تصورات کے مطابق فلاحی ریاست قائم کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے پاکستان میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کی کوئی گنجائش نہیں ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے کیلئے پوری قوم یکسو ہے۔ معصوم لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانیوالے انسانیت کے دشمن کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پوری انسانیت کے کھلے دشمن ہیں۔ پاکستان کے عوام نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے امریکی تعاون کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتے ہیں ۔

آنے والے وقت میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ امریکی قونصل جنرل زیچرے ہارکین رائیڈر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔وزیراعلیٰ شہباز شریف انتہائی محنت سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں اورشہبازشریف کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔