ملک کی بیشتر آبادی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کررہی ہے‘نوجوانوں کے پاس ڈگریاں تو ہیں مگرحکومت کے پاس ان کیلئے روزگار نہیں‘جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام چاہتی ہے جس میں مظلوموں کو انصاف دہلیز پر ملے

امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمدکاخصوصی تقریب سے خطاب

ہفتہ 13 فروری 2016 17:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 فروری۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی پالیسیوں کے باعث آج پاکستان کی بیشتر آبادی خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہے۔تشویش ناک امر یہ ہے کہ مہنگائی،بے روزگاری اور غیر یقینی مستقبل کی وجہ سے معاشرے میں خود کشیوں کے رجحان میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روزخصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ غربت سے نجات دلانے اور روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والی ایک سیاسی پارٹی نے اپنے دو وزراء اعظم کی قربانی دینا گوارا کر لیا مگر پارٹی کے سربراہ کے بیرونی ممالک میں جمع اثاثہ جات کی تفصیل قوم کو فراہم نہیں کیں جبکہ باقی جماعتوں میں بھی یہی صورتحال ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کی طرح عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔

ملک میں غربت ،مہنگائی اور بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے۔ ہمارے نوجوانوں کے پاس ڈگریاں تو موجود ہیں لیکن ان کے لیے حکومت کے پاس روزگار نہیں۔ قومی اداروں کو کرپشن اور بدانتظامی سے تباہ و برباد کرکے فروخت کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ نجکاری کے نام پر قومی اداروں کی بندر بانٹ اور لوگوں کو بے روزگار کیا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام قائم کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے جس میں یتیموں ،بیواؤں، ضرورت مندوں اور بے سہارا لوگوں کی کفالت کی ذمہ داری حکومت پورا کرئے گی،عوام کے لیے تعلیم کا حصول آسان ہو گا اور مظلوموں کو انصاف ان کی دہلیز پر ملے گا جہاں معیشت اور بنکاری کا نظام سود سے پاک ہو گا اور یہ سب کچھ اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان سے ہی ممکن ہو گا جس کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔

انشاء اﷲ جماعت اسلامی ملک کو دیانتدار،باکردار اور اہل قیادت فراہم کرے گی۔

متعلقہ عنوان :