قومی اداروں کی کارکردگی کو فعال بناناموجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے‘پی آئی اے کے جہازوں میں اضافہ سے ادارے کی کارکردگی بہتر ہو گی‘ قطر کے ساتھ ایل این جی معاہدہ گیس کی قلت کو پورا کرنے میں مدد دے گا ،سی پیک منصوبے میں ملک کے تمام علاقوں کو شامل کیا گیا ہے ۔وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 13 فروری 2016 17:07

قومی اداروں کی کارکردگی کو فعال بناناموجودہ حکومت کی اولین ترجیحات ..

لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13فروری۔2016ء) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ و ریفارمز پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم سب نے ماضی کی غلطیوں سے سیکھا ہے اور اس کو حقیقی طور پرتسلیم کیا ہے کہ ملک کی ترقی جمہوریت کی بالا دستی میں ہی پنہاں ہے‘قومی اداروں کی کارکردگی کو فعال بناناموجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ‘پی آئی اے کے جہازوں کے فلیٹ میں اضافہ کیا گیا ہے جس سے ادارے کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور پی آئی اے کا شمار جلد دنیا کی بہترین ایئر لائنز میں ہو گا۔

انہوں نے ہفتہ کے روز یونیورسٹی آف لاہور میں ینگ ڈویلپمنٹ کارپس(وائی ڈی سی) کے لاہور چیپٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے جس کیلئے تمام سٹیک ہولڈز کو آن بورڈ لیا جا رہا تاہم ملکی استحکام کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے‘ترکی‘ملائشیا سمیت دیگر ممالک نے اپنی پالیسیوں کے تسلسل کو جاری رکھا جس کی وجہ سے انہیں ترقی کے سفر میں آگے بڑھنے میں مدد ملی۔

(جاری ہے)

پرامن و پائیدار انتقال اقتدار کے حوالے سے احسن اقبال نے کہاکہ ملک کی تاریخ میں انتقال اقتدار کے مرحلہ میں سنگین دشواریوں کاسامنا رہا جس کی وجہ سے جمہوریت بار بار ڈی ریل ہوتی رہی جس سے مسائل میں اضافہ ہو ا لیکن اب جمہوریت کی گاڑی نہ صرف پٹڑی پر چڑھ چکی ہے بلکہ انتقال اقتدار کے حوالے سے ماضی کی روایت کا مکمل خاتمہ ہو گیاہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے امن اور استحکام پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ینگ ڈویلپمنٹ کارپس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس سے نوجوان نسل کو ملکی ترقی کے دھارے میں شامل کیا جانا چاہیے‘اس پلیٹ فارم کے تحت تعلیمی اداروں کے نوجوانوں کے مختلف ایونٹس میں مقابلے ہوں گے جس سے ان کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی تمام تر توانائیاں مثبت کاموں میں صرف کرنی چاہیں تاکہ ہم اپنے نیک مقاصد میں کامیاب ہو سکیں اور اس کے ساتھ ساتھ حکومت کے اچھے کاموں کوبھی تسلیم کرنا چاہئے ۔

وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے کہاکہ پاک ،چین اقتصادی راہداری منصوبہ سے دوسرے ممالک کے ساتھ نئے علاقائی روابط قائم ہونگے۔انہوں نے کہاکہ قطر کے ساتھ ایل این جی کا معاہدہ طے پا گیا ہے جس سے گیس کی قلت کو پورا کرنے میں مدد ملے گی اور صنعتوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔”سی پیک “منصوبہ میں ملک کے تمام علاقوں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ منصوبے کے مغربی روٹس سے خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کو ترقی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ دیامیربھاشا ڈیم منصوبہ مکمل ہونے سے زراعت سمیت دیگر شعبوں کو خاطر خواہ فائدہ حاصل ہو گا۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف لاہور کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اسرارالحق شیخ نے کہاکہ معاشرے میں تعلیم اور ذہانت دو اہم جز ہیں‘ہمیں دونوں چیزوں پر فوکس کرنے کی ضرورت ہے جس پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر کر سکتے ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے ینگ ڈویلپمنٹ کارپس کے عہدیداران سے حلف بھی لیا۔