نواز لیگ اتنا ہی ظلم کرے جتنا کل وہ برداشت کرسکے،بلاول بھٹو زرداری

ہفتہ 13 فروری 2016 16:56

نواز لیگ اتنا ہی ظلم کرے جتنا کل وہ برداشت کرسکے،بلاول بھٹو زرداری

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 فروری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے شہر نکیال،کوٹلی میں نواز لیگ کے غنڈوں کی جانب سے پیپلزپارٹی کے وزرکرز کنونشن پر مسلح حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،جس میں پیپلزپارٹی کے کارکنان شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے نواز لیگ کے وفاقی وزیروں کی جانب سے اپنے جلسوں میں اشتعال انگیز زبان استعمال کرنے کا بھی سختی سے نوٹس لیا ہے جواپنے کارکنان کو پیپلزپارٹی اور ان کے ہمدردوں کے خلاف تشدد کیلئے اکسا رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز لیگ اپنے روایتی آمرانہ ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے اور عام انتخابات سے قبل اپنے مسلح غنڈوں کو پیپلزپارٹی سے سیاسی جلسوں پر قاتلانہ حملے کرنے لیے آزاد چھوڑ دیا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے وزیروں کو تشدد پر اکسانے اور اپنے مخالفین کے خلاف ہتھیار استعمال کرنے والے عمل سے روکیں ، بصورت دیگر وہ خود نتائج کے ذمیوار ہونگے، بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ جنہوں نے بھی پیپلزپارٹی کے کارکنان کو قتل اور زخمی کیا ہے وہ سزا سے بچ نہیں پائیں گے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام قانونی طریقے بروئے کار لائے جائیں گے، پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے شہید اور زخمی کارکنان کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔