عوام کو خالص دودھ کی فراہمی :صوبائی حکوت نے 500 ملین کی لاگت سے منصوبے کا آغاز کر دیا

پنجاب بھر کے محکمہ حیوانات کے ڈاکٹروں اور عملہ کو 350 گاڑیاں ،گائے ، بھینس اور بھیڑ بکریاں وغیرہ کو تندرست اور توانا رکھنے کیلئے زمینداروں اور مویشی رکھنے والے افراد کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی،صوبائی وزیر نسیم صادق

ہفتہ 13 فروری 2016 16:51

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 فروری۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جانوروں کی افزائش نسل اور صوبہ بھر عوام کو خالص دودھ فراہم کرنے کیلئے پانچ سو ملین کی لاگت سے ایک منصوبے کا آغاز کیا ہے اس سلسلہ میں پنجاب بھر کے محکمہ حیوانات کے ڈاکٹروں اور عملہ کو 350 گاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ دودھ دینے والے جانوروں کے ساتھ ساتھ گائے ، بھینس اور بھیڑ بکریاں وغیرہ کو تندرست اور توانا رکھنے کیلئے زمینداروں اور مویشی رکھنے والے افراد کو مفت ادویات فراہم کی جا سکیں یہ بات صوبائی سیکرٹری لائیو سٹاک اینڈ ڈیری فارم نسیم صادق نے آن لائن کو ایک خصوصی ملاقات میں بتائی انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 36 اضلاع میں سے 33 اضلاع میں جانوروں کو تندرست رکھنے والی ادویات کے ساتھ ان کی نشو و نما کیلئے میڈیسن فراہم کر دی گئی ہیں جبکہ باتی تین اضلاع جن میں خانیوال ، جھنگ اور خوشاب شامل ہیں کو بھی آئیندہ چند یوم میں فراہم کر دی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

نسیم صادق نے مزید بتایا کہ بھارت اور دیگر ممالک سے جو خشک دودھ پاکستان میں فروخت ہو رہا ہے وہ نہ صرف مضر صحت ہے بلکہ اس کی معیاد نہ ہونے کے برابر ہے اس ناقص مضر صحت دودھ وجہ سے مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں جن میں کینسر ، ہیپاٹائٹس اور دیگر ناقابل علاج امراض شامل ہیں ۔صوبائی سیکرٹری نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اس شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ انسان کو کھانے کیلئے بہتر اور تندرست حلال جانوروں کا گوشت مہیا ہو سکے یہ امر قابل ذکر ہے محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری فارم نے پنجاب بھر کے محکمہ کے حیوانات کے عملہ کو موٹر سائیکلیں ہزاروں کی تعداد میں فراہم کی ہیں جو دیہاتوں میں جا کر مویشیوں کے مالکان کو مفت مشورہ اور ادویات فراہم کر رہے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں ۔