ڈاکٹر عاصم حسین کیس‘سلیم شہزاد ، قادر پٹیل اور انیس قائم خانی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

ہفتہ 13 فروری 2016 16:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 فروری۔2016ء) کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سابق وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے دہشت گردوں کے علاج سے متعلق کیس میں سلیم شہزاد ، قادر پٹیل اور انیس قائم خانی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ، سلیم شہزاد کی نادرا سے تصدیق سے متعلق رپورٹ پیش نہ کئے جانے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے نادرا کے متعلقہ افسر کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے گئے،عدالت میں رینجرز نے سخت سیکیورٹی میں ڈاکٹر عاصم حسین کو پیش کیا، رینجرز کے وکیل نے پولیس کے تفتیشی افسر پر عدم اعتماد کااظہار کرتے ہوئے تفتیشی افسر کی رپورٹ بدنیتی پر مبنی قرار دے دی، کیس کی مزید سماعت 22فروری تک ملتوی کر دی گئی۔

ہفتہ کو کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں سابق وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے دہشت گردوں کے علاج سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رینجرز نے سخت سکیورٹی میں ملزم ڈاکٹر عاصم کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا۔عدالت میں سماعت کے دوران مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان وسیم اختر، رؤف صدیقی اور عثمان معظم بھی موجود تھے، کیس کی سماعت بند کمرے میں ہوئی، ڈاکٹر عاصم حسین کا سیل کیا گیا مقدمے کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کیا گیاتاہم رینجرز کے وکیل نے پولیس کے تفتیشی افسر پر عدم اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کے تفتیشی افسر کی رپورٹ بدنیتی پر مبنی ہے۔

عدالت نے سلیم شہزاد ، قادر پٹیل اور انیس قائم خانی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے۔ عدالت نے سلیم شہزاد کی نادرا سے تصدیق سے متعلق رپورٹ پیش نہ کئے جانے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے نادرا کے متعلقہ افسر کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے۔ بعد ازاں کیس کی سماعت سماعت 22فروری تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔

متعلقہ عنوان :