عدالت کا سانحہ بلدیہ ٹاوٴن کے لئے بنائی گئی تفتیشی ٹیم کی مکمل رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم

ہفتہ 13 فروری 2016 15:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 فروری۔2016ء) کراچی کی مقامی عدالت نے سانحہ بلدیہ ٹاوٴن کے لئے بنائی گئی تفتیشی ٹیم کی مکمل رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم جاری کردیاہے۔سانحہ بلدیہ ٹاوٴن فیکٹری حادثہ کیس کی سماعت ہفتہ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی کی عدالت میں ہوئی۔ اس موقع پر پولیس کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ جے آئی ٹی کی تفتیشی رپورٹ مکمل کر کے محکمہ داخلہ سندھ کو ارسال کر دی ہے، جیسے ہی محکمہ داخلہ کی رپورٹ ہمیں واپس ملے گی ہم عدالت میں پیش کر دیں گے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت کے موقع پر جے آئی ٹی کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔فیکٹری مالکان کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ میرے موکل کو دھمکیوں کا سامنا ہے اس لئے عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، اس حوالے سے مالکان کی جانب سے عدالت میں ایک فیکس بھی پیش کیا جا چکا ہے لیکن عدالت نے اس فیکس کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کہیں یہ تحریر نہیں کہ آپ کو دھمکیوں کا سامنا ہے تاہم عدالت نے فیکٹری مالکان کی حاضری سے مستثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب فیکٹری کے جنرل منیجر منصور کو متعدد احکامات کے باوجود پیش نہ ہونے عدالت نے پر تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ بغیر کسی عذر کے فیکٹری منیجر کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے جب کہ عدالت نے ملزم کے ضمانتی کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ضمانت پر ملزم کو رہا کیا گیا تھا لیکن ملزم روپوش ہو چکا ہے۔واضح رہے کہ 2012 میں کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاوٴن میں فیکٹری میں آگ لگنے سے 250 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے جس کی تحقیقات کے لئے حکومت نے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی۔

متعلقہ عنوان :