راولپنڈی ‘نجی ہاسٹل پر پولیس کا چھاپہ ،شناختی کوائف نہ ہونے پر 4افراد کو گرفتار کرلیا گیا

ہفتہ 13 فروری 2016 14:36

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 فروری۔2016ء) راولپنڈی کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں واقع نجی ہاسٹل پر رات گئے پولیس کا چھاپہ ،شناختی کوائف نہ ہونے پر 4افراد کو گرفتار کرلیا گیا، طلباء نے شدید احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے طالب علموں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے راولپنڈی کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کے ایک نجی ہاسٹل میں سرچ آپریشن کیا ۔

اس دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے ہاسٹل میں موجود تمام افراد کے شناختی کوائف چیک کئے۔ا س دوران رینجرز اور پولیس نے شناختی کوائف مکمل نہ ہونے پر 4افراد کو گرفتار جبکہ 150سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ بعد ازاں کوائف چیک کرنے کے بعدان 150افراد کو چھوڑ دیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور رینجرز نے رات گئے 3 نجی ہاسٹلوں میں سرچ آپریشن کیا اور اس آپریشن کے دوران زیرحراست افراد میں اساتذہ، ہاسٹل ملازمین اور مختلف کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلبہ بھی شامل ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ ہاسٹل انتظامیہ کے خلاف کرایہ داری ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور یہ سرچ آپریشن نیشنل ایکشن پلان کے تحت کیا گیاہے۔دوسری طرف سرچ آپریشن کے بعد ہاسٹل کے طلباء نے شدید احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے بغیر کسی قصور کے طلباء کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

متعلقہ عنوان :