ایبٹ آباد میں برف باری سے متاثرہ ذرائع مواصلات 48 گھنٹے گذرنے کے باوجود بحال نہیں ہو سکے

ہفتہ 13 فروری 2016 14:36

ایبٹ آباد۔ 13 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 فروری۔2016ء) ایبٹ آباد میں برف باری سے متاثرہ ذرائع مواصلات 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود بحال نہیں ہو سکے، محکمہ ورکس اینڈ سروسز، جی ڈی اے اور ایف ایچ اے کی انتظامیہ گلیات کی سڑکوں سے برف ہٹانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ ایبٹ آباد شہر کی اندرونی سڑکیں بحال ہو چکی ہیں، سڑکوں کے کنارے پر پڑے ہوئے درخت بھی بڑی حد تک ہٹا لئے گئے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک شہر کے اندر مکمل طور پر بحال ہو چکی ہے۔

شہر کے بیشتر علاقوں میں تیسرے روز بھی گیس کا پریشر نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے گھریلو صارفین، ہوٹل اور گیسٹ ہاوٴسز مالکان سمیت دیگر کاروباری طبقات کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔ کمشنر ہزارہ نے ہزارہ کے بالائی علاقوں میں سیاحوں کی آمد روک دی ہے کیونکہ برف باری اور پھسلن کی وجہ سے کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے، ایبٹ آباد شہر کے بیشتر حصوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے تاہم برف کے باعث بجلی کا نظام ابھی مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکا ہے اور ٹیلی فون نظام کو بھی درست کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایبٹ آباد مری روڈ، ایبٹ آباد شیروان روڈ، ایبٹ آباد ٹھنڈیانی روڈ سمیت رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام زور و شور سے جاری ہے، مشینیں مری روڈ سے برف ہٹانے میں مصروف عمل ہیں ۔ گلیات میں تین سے چار فٹ تک پڑنے والی برف باری کے باعث بجلی، ٹیلی فون اور موبائل کا نظام درست نہیں کیا جا سکا اور اندرون گلیات بہت سی سڑکیں تا حال بند ہیں ۔

متعلقہ عنوان :