بیرونی سرمایہ کار پاکستان جانے کیلئے تیار نہیں‘ بھارت بارے افواج پاکستان اور نوازشریف کی سوچ بہت مختلف ہے

آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے مرکزی چیف ایڈوائزر چودھری محمدالطاف شاہد کا بیان

ہفتہ 13 فروری 2016 14:26

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 فروری۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے مرکزی چیف ایڈوائزر چودھری محمدالطاف شاہد نے کہا ہے کہ کوئی بیرونی سرمایہ کار پاکستان جانے کیلئے تیار نہیں۔ مقامی اوربیرونی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی بدعنوان حکمرانوں کے بس کی بات نہیں ہے۔جوحکمران خود اپنے ملک میں سرمایہ کاری نہیں کرتے وہ کسی دوسرے ملک کے سرمایہ کار کوکس طرح آمادہ کرسکتے ہیں۔

حکمران داخلی ،خارجی اورمعاشی محاذ پربدترین ناکامی کے باوجود کامیابی کاڈھول پیٹ رہے ہیں۔ دشمن ملک کے بارے میں افواج پاکستان اورمیاں نوازشریف کی سوچ میں واضح فرق ہے ۔ملک وقوم کے مستقبل بارے فیصلے پارلیمنٹ سے باہر ہورہے ہیں ۔میاں نوازشریف نے بھارت سے دوستی کیلئے پاکستان کی خودمختاری اور سا لمیت تک کو نقصان پہنچا نے سے گریز نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

وہ اے پی ایم ایل لیڈیز ونگ کے اجلا س سے خطاب کررہے تھے ۔چودھری محمدالطاف شاہدنے مزید کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی اورناکامی ان کی بدنامی سے بہت زیادہ ہے،کیونکہ وہ دوسروں کی اوٹ میں چھپ جاتے ہیں۔ چاردہائیوں سے باری باری اقتدارمیں آنیوالے حکمرانوں کاآج تک بے رحم احتساب نہیں کیا گیاکیونکہ یہ ڈھیل کے بدلے ڈیل کرنے میں ایکسپرٹ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان پراس طرح سے تنقید نہیں کی جاتی جس کے وہ مستحق ہیں۔

قومی مجرموں کے احتساب کیلئے پاکستانیوں نے اپنے محبوب قائد پرویز مشرف کومینڈیٹ دینے کااصولی فیصلہ کرلیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا اندرون وبیرون ملک نجی کاروبار ان کی معاشی ترجیحات کامحور ہے۔ ملک وقوم کی ضروریات اورخواہشات سے انہیں کوئی سروکار نہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں اپنے متنازعہ فیصلوں اورماورائے آئین اقدامات کاشدیدنقصان اٹھا نے کے باوجود نااہل حکمران قومی اداروں میں مداخلت سے بازنہیں آئے ۔پاکستان سے محبت کرنیوالے عوام نااہل حکومت کاوجودمزید برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔