گھیراؤ اور جلاؤ کی سیاست نے ملکی ترقی کی پالیسیوں میں رکاوٹیں ڈالیں، مسلم لیگ (ن) گھیراؤ جلاؤ کے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیگی‘ اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر کام جاری ہے جس کی تکمیل سے بلوچستان، خیبرپختونخوا میں ترقی ہو گی، پاکستان کو دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشت بنا دیا ، ملک میں امن و امان کی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے، عالمی ادارے پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کر رہے ہیں،پی آئی اے کو بین الاقوامی معیار کی ایئرلائن بنانا چاہتے ہیں، پاکستان میں داعش کا کوئی منظم نیٹ ورک نہیں ہے‘ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا یونیورسٹی آف لاہور کی تقریب سے خطاب، میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 13 فروری 2016 14:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ گھیراؤ اور جلاؤ کی سیاست نے ملکی ترقی کی پالیسیوں میں رکاوٹیں ڈالیں، ہماری حکومت گھیراؤ جلاؤ کے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دے گی، اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر کام جاری ہے جس کی تکمیل سے بلوچستان، خیبرپختونخوا میں ترقی ہو گی، پاکستان کو دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشت بنا دیا ہے، ملک میں امن و امان کی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے، عالمی ادارے پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کر رہے ہیں،پی آئی اے کو بین الاقوامی معیار کی ایئرلائن بنانا چاہتے ہیں، پاکستان میں داعش کا کوئی منظم نیٹ ورک نہیں ہے۔

وہ ہفتہ کو یہاں یونیورسٹی آف لاہور کی تقریب سے خطاب و بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ تعلیم ملکی ترقی کا اہم ستون ہے، اس پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، ملک کی ترقی کا پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے، گھیراؤ جلاؤ نے ملکی ترقی کی پالیسیوں میں رکاوٹیڈ ڈالیں، پالیسیوں کے تسلسل اور استحکام سے ہی ترقی کی منازل حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی پر توجہ دی، ہر سال 4نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کیلئے منتخب کیا جاتا ہے، نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے محنت کریں، ہمیں ان بچوں تک پہنچنا ہے جو تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پالیسیوں کے تسلسل کی وجہ سے ہمسایہ ملک ہم سے آگے نکل گیا، آگے بڑھنے کیلئے ہمیں مثبت سوچ اپنانی ہو گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ 2013میں 18سے 20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ معمول تھا، غیر ملکی جریدے نے عراق کے مقابلے میں پاکستان کو زیادہ خطرناک قرار دیا تھا، اسی جریدے نے 2015 میں پاکستان کی معیشت کو کامیاب قرار دیا ، حکومت کی پالیسیوں کی بدولت آج پاکستان معاشی طور پر ابھرتا ہوا ملک ہے، عالمی ادارے پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں،2013ء کے معاملے میں اب لوڈشیڈنگ بہت کم ہو چکی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ پی آئی اے میں سروس کا معیار بہتر نہیں تھا، حکومت پی آئی اے کی خدمات کا معیار بہتر کرنا چاہتی ہے، پی آئی اے کو بین الاقوامی معیار کی ایئرلائن بنانا چاہتے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں داعش کا کوئی منظم نیٹ ورک نہیں ہے، دوسرے ملکوں میں داعش کے کئی نیٹ ورک کام کر رہے ہیں، پاکستان اس حوالے سے دوسرے ممالک سے مختلف ہے۔