کراچی کی بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کے سانحہ پر جے آئی ٹی نے دوبارہ تفتیش مکمل کرلی

تفتیشی افسر نے پیش رفت رپورٹ کراچی کی مقامی عدالت میں جمع کرادی مفرور ملزم منصور کے ایک بار پھر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے

ہفتہ 13 فروری 2016 14:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 فروری۔2016ء) کراچی کی بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کے سانحہ پر جے آئی ٹی نے دوبارہ تفتیش مکمل کرلی ‘ تفتیشی افسر نے پیش رفت رپورٹ کراچی کی مقامی عدالت میں جمع کرادی ، مفرور ملزم منصور کے ایک بار پھر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت میں بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کیس کی سماعت میں تفتیشی افسر کی جانب سے پیش رفت رپورٹ جمع کرادی گئی ‘عدالت نے فیکٹری مالکان کی حاضری سے مستثنیٰ ہونے کی درخواست پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عدالت کو مطمئن کرنے کا حکم دیدیا۔

کراچی کی مقامی عدالت میں سانحہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کیس کی سماعت ہوئی۔سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مقبول احمد میمن کی عدالت میں ہوئی ‘تفتیشی افسر نے پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کرادی،تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ جے آئی ٹی نے دوبارہ تفتیش مکمل کرکے رپورٹ ہوم ڈپاڑٹمنٹ کو منظوری کیلئے بھجوادی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران مالکان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی ایک مرتبہ پھر درخواست جمع کرائی اور مالکان ارشد بھائیلہ کیوکیل کی جانب سے ایک بیان اور ای میل کی نقول عدالت میں جمع کرائی گئی اور موقف اختیار کیا گیا کہ،فیکٹری مالکان سیکورٹی وجوہات کی بناء پر ملک میں نہیں آسکتے جس پر عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ای میل اور بیان میں کہیں سیکیورٹی وجوہات کا ذکر نہیں آئندہ سماعت پر مالکان کے استثنیٰ کے حوالے سے عدالت کو مطمئن کیا جائے۔

دوسری جانب عدالت نے مفرور ملزم منصور احمد کے ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے ملزم منصور کے ضمانتی عبدالرزاق کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت پر طلب کرلیا،کیس کی مزید سماعت 5مارچ کو ہوگی۔

متعلقہ عنوان :