افغان سیاستدان فضل اللہ واحدی کے حوالے سے افغان سفارتخانے سے تمام تفصیلات طلب کرلی گئیں

افغان سیاستدان کی اسلام آباد میں موجودگی کا پولیس کو علم نہیں تھا ‘پولیس حکام

ہفتہ 13 فروری 2016 14:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 فروری۔2016ء) افغان سیاستدان فضل اللہ واحدی کے حوالے سے افغان سفارتخانے سے تمام تفصیلات طلب کرلی گئیں تفصیلات کے مطابق ایک روزقبل افغانستان کے سینئر سیاستدان ، صوبہ کنڑ اور ہرات کے سابق گورنر فضل اللہ واحدی کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے اغوا کر لیا گیاتھا پولیس کے مطابق افغان سیاستدان کی اسلام آباد میں موجودگی کا پولیس کو علم نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ فضل اللہ واحدی کے حوالے سے افغان سفارتخانے سے تمام تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں، جن سے اغوا کاروں کے حوالے سے مدد مل سکتی ہے۔پولیس عہدیدار کے مطابق افغان سیاستدان کے اغوا کی وجوہات کے حوالے سے ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگاتاہم واقعہ اغوا برائے تاوان کا نہیں لگتا یاد رہے کہ مقامی پولیس کے مطابق فضل اللہ واحدی کو اسلام آباد کے سیکٹرF-7 سے اغوا کیا گیا اور اس حوالے سے افغان سفارتخانے کے پروٹوکول افسر نے پولیس کو اطلاع دی۔

(جاری ہے)

فضل اللہ واحدی F-7‘2 میں مقیم تھے اور اغوا کے وقت ان کے پوتے سید ذبیح اللہ واحدی بھی ان کے ہمراہ تھے۔رانا مارکیٹ کے قریب ایک کالی ڈبل کیبن اور دوسری سفید ٹویوٹا کرولا گاڑیوں سے کچھ لوگ اتر کر فضل اللہ واحدی کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر لے گئے تھے جس کے بعد سابق گورنر کے اغوا کا مقدمہ ان کے پوتے کی مدعیت میں تھانہ کوہسار میں درج کرلیا گیا۔