سی ٹی ڈی نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 3کالعدم تنظیموں کے 9دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا

ہفتہ 13 فروری 2016 14:00

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 فروری۔2016ء )پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 3کالعدم تنظیموں کے 9دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا،داعش کے 2، سپاہ صحابہ پاکستان کے 4اور سپاہ محمد پاکستان کے 3گرفتار دہشت گردوں کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ۔ نجی ٹی وی نے سی ٹی ڈی ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ پہلی کارروائی میں قاری محمد یوسف اور قاری محمد یونس کو ٹاؤن شپ کے سیکٹر اے ٹو میں قائم مدرسہ نور الہدی سے گرفتار کیا گیا جن کا تعلق داعش سے ہے۔

پولیس نے ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اور نفرت انگیز مواد برآمد کرکے ان پر انسداد دہشت گردی ایکٹ (اے ٹی اے)کی دفعہ 4/5ای ایس اے، 11ایف ٹو اور سیون کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے باٹاپور کے علاقے میں دوسری کارروائی کرتے ہوئے محمد سلیمان، احمد نواز، عبدالمنان اور حکیم خان کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق سپاہ صحابہ پاکستان (ایس ایس پی )سے بتایا گیا ہے۔

پولیس نے ان ملزمان کے قبضے سے نفرت انگیز لٹریچر اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا ہے، جو گرین بیلٹ عبداللہ انٹرچینج کے قریب چھپایا گیا تھا۔ان ملزمان کے خلاف اے ٹی اے کی دفعہ 11ایف ٹو اور 9کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔سی ٹی ڈی ترجمان نے مزید بتایا کہ پولیس کی جانب سے تیسری کارروائی ساندا کے علاقے میں کی گئی جہاں سے کالعدم سپاہ محمد پاکستان کے 3اراکین شہزادہ غلام حسین، شاہد اور ساجد عباس کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس نے بی بی پاک دامن مزار کے قریب قائم عمران کیسٹ اینڈ سی ڈی ہاؤس سے نفرت انگیز مواد قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعہ 11ایف ٹو اور 9کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ترجمان کے مطابق گرفتار کیے جانے والے ملزمان قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔تمام گرفتار کیے جانے والے دہشت گرد کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔