Live Updates

امریکی ماہرین معدنیات نے خیبر پختونخوا میں تیل کے ذخائر کی تصدیق کر دی ہے ،وفاقی حکومت ساتھ دے تو ایل این جی کے لئے قطر نہیں جانا پڑے گا

کشمیرکو دس سال کے لئے ملٹری فری زون بنا کررائے شماری کرائی جائے ، آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھر پور قوت سے حصہ لیں گے ہر حلقے میں خود جاؤں گا، بنی گالہ میں صحافیوں کے وفد سے گفتگو عمران خان کا خیبر پختوخواہ میں گیس اور تیل کے بڑے ذخائر دریافت کرنے کا دعوی

ہفتہ 13 فروری 2016 13:08

امریکی ماہرین معدنیات نے خیبر پختونخوا میں تیل کے ذخائر کی تصدیق کر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 فروری۔2016ء) تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان نے کہا ہے کہ خیبر پختوخواہ میں گیس اور تیل کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے وفاقی حکومت ساتھ دے تو ایل این جی کے لئے قطر نہیں جانا پڑے گا، ، وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کی ترقی میں روڑے اٹکارہی ہے اور پنجاب میں دو سو ارب کی اورینج ٹرین بنا رہے ہیں۔مسئلہ کشمیر کا مناسب حل خود مختار ریاست ہے،پاکستان اور بھارت دونوں کو چاہیے کہ وہ کشمیر سے اپنی فوجیں نکالیں اور خطے کو دس سال کے لئے ملٹری فری زون بنا کررائے شماری کرائی جائے کشمیر جس کے ساتھ رہنا چاہیں رہنے دیا جائے آزاد کشمیر کے انتخابات میں پوری قوت سے حصہ لیں گے اور ہر حلقے میں جا کر خود انتخابی مہم چلاؤں گا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالمسٹ کونسل آف پاکستان (سی سی پی) کے وفد سے بنی گالہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نوجوان کالم نویس معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں اور یہی کالم نگار ملک و قوم میں شعور بیدار کرنے میں اہم کردار کرتے ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ کے کے علاقے کوہاٹ اور دیگر کئی علاقوں میں تیل اور گیس کے ذخائر دریافت ہوئے جن کی تصدیق امریکی ماہرین معدنیات نے بھی کی لیکن وفاق اس میں دلچسپی لینے کے بجائے لاہور میں دو سو ارب کی اورینج ٹرین بنا رہا ہے اور اپنے ملک کے ذخائر استعمال کرنے کے بجائے قطر سے ایل این جی برآمد کر رہا،وفاق خیبر پختونخوا کی ترقی سے خوفزدہ ہے ،ن لیگ سمجھتی ہے کہ اگر خیبر پختونخوا ترقی کرے تو انکی سیاست ختم ہو جائے گی۔

عمران خان نے کہا کہ اگر وفاق خیبر بختونخواہ میں تیل اور گیس کے ذخائر پر کام کروانے کیلئے فنڈز دے تو خطے میں خوشحالی آ سکتی ہے۔ وفاقی حکومت کو خیبر پختونخواہ میں تبدیلی اور ترقی سے حکومت کو آئندہ انتخابات میں اپنی ہار واضح نظر آ رہی ہے اس لئے وہ ابھی خیبرپختونخواہ میں ترقی کے اس اہم منصوبے میں روڑے اٹکا رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے دھاندلی کے خلاف میکنزم بنا لیا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ ضمنی انتخابات شفاف ہوئے اور جہانگیر ترین واضح اکثریت سے جیت گئے۔

اس وقت مجھ پر حکومت نے کئی جھوٹے مقدمات بنا رکھے ہیں ہیں اور ہمارے 140 کارکنان پر مقدمے بنا رکھے ہیں ایک طرف ن لیگ نے ہمارے کارکنان کو تشدد کا نشانہ بنایا اور دوسری طرف جھوٹے مقدمات درج کئے ہم نے کارکنان کو مکمل سہولیات دیں ہیں تا کہ حکومتی جھوٹے مقدمے ختم کئے جا سکیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا مناسب حل خود مختار ریاست ہے۔

پاکستان اور بھارت دونوں کو چاہئے کہ وہ کشمیر سے اپنی فوجیں نکالیں اور ان کو ملٹری فری زون بنائیں۔مقبوضہ کشمیر میں 26سال سے فوج عوام کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے وہاں کی کیا حالت ہو گی؟ کشمیر کو 10 سال کیلئے آزاد کیا جائے جس کے دونوں ممالک ہندوستان اور پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات ہوں اور دس سال بعد ان سے رائے مانگی جائے کہ وہ کیا چاہتے ہیں ؟ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ انتخابات میں آزاد کشمیر میں بھرپور مہم چلائیں گے اور نتائج ان کے حق میں ہونگے ۔ آزاد کشمیر کی قیادت سمیت دیرینہ قیادت کو اعتماد میں لیکر آزاد کشمیر کے حوالے سے مشاورت کریں گے اور عام انتخابات کے بعد وہ آزاد کشمیر میں پارٹی انتخابات بھی کروائیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات