بوٹی مافیا کے خاتمہ کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں ، ای ڈی او ایجوکیشن

ہفتہ 13 فروری 2016 11:44

بھکر۔13 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 فروری۔2016ء) ای ڈی او ایجوکیشن ملک محمداشرف اعوان نے کہا کہ امتحانی مراکزمیں بوٹی مافیا کے خاتمہ کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں ،یہ بات انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول کہاورڑ کلاں،گرلزہائی سکول کہاوڑکلاں اورہا ئی سکول دریاخان میں قائم جماعت ہشتم کے امتحانی سنٹروں کے اچانک دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کرواتے ہوئے امتحانی سنٹروں سے بوٹی مافیا کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے اور بچوں کو کمرہ امتحان میں پرسکون ماحول فراہم کیا جا رہا ہے. انہوں نے کہا کہ امتحانی سنٹروں میں نگران عملہ کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امیدواروں کی جوابی کاپیوں پرجاری کردہ رولنمبر اور جس مضمون کا پیپر ہو رہا ہے اسے چیک کریں اور اگر سوالیہ پیپر میں کوئی لفظ مس پرنٹ ہو تو نگران عملہ امیدوار کی رہنمائی کرے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ ضلع بھر میں جماعت ہشتم کے امتحان کیلئے 100امتحانی سنٹرز بنائے گئے ہیں جہاں پر 17178طلبا ء و طالبات امتحان دے رہے ہیں جس کیلئے سپرنٹنڈنٹ،ریذیڈنٹ انسپکٹراورنگران عملہ سمیت 1985اساتذہ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پرای ڈی او نے سکولوں میں سیکورٹی کے حوالے سے کئے جانے والے انتظامات کابھی جائزہ لیا۔