مالی میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن کے مرکز پر حملے میں تین فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 13 فروری 2016 11:16

مالی میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن کے مرکز پر حملے میں تین فوجی اہلکار ..

پیرس(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 13فروری۔2016ء) افریقہ کے ملک مالی میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن کے ایک مرکز پر حملے میں تین فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔مالی میں عالمی ادارے کے امن مشن کے سربراہ محمد صالح انادیف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حملہ جمعے کو علی الصباح ملک کے شمالی قصبے کڈل میں واقع چھاﺅنی پر ہوا۔انہوں نے حملے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک قابلِ نفرت اور غیر ذمہ دارانہ حرکت قرار دیا ہے۔

امن مشن کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ حملے میں مبینہ طور پر مالی میں سرگرم شدت پسند ملوث ہوسکتے ہیں جنہوں نے چھاﺅنی پر راکٹ برسائے۔ ہلاک ہونے والے تینوں اہلکاروں کا تعلق پڑوسی ملک گنی سے ہے۔ حملے میں لگ بھگ 30 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے سات کی حالت نازک ہے۔

(جاری ہے)

تاحال کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ مالی میں اپریل 2012ءمیں فوجی بغاوت اور اس کے نتیجے میں ہونے والی سیاسی افراتفری کا فائدہ اٹھا کر شدت پسند گروہوں نے شمالی علاقوں پر اپنا قبضہ مستحکم کرلیا تھا جو لگ بھگ 10 ماہ برقرار رہا تھا۔

بعد ازاں شدت پسندوں کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے پیشِ نظر ماضی کی نوآبادیاتی طاقت فرانس کی قیادت میں افریقی ملکوں کے فوجی دستوں نے علاقے کے مرکزی قصبوں کو جنگجووں سے آزاد کرالیا تھا۔بعد ازاں علاقے کو اقوامِ متحدہ کی زیرِ نگرانی قائم کثیر الملکی امن فوجی دستوں کے حوالے کردیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود شدت پسندوں کی کارروائیوں پر مکمل قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔

متعلقہ عنوان :