پاکستان سپر لیگ ، پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7وکٹوں سے شکست دیدی

ہفتہ 13 فروری 2016 00:22

پاکستان سپر لیگ ، پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7وکٹوں سے شکست ..

شارجہ (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار12فروری- 2016ء) پاکستان سپر لیگ کے 13ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈکو 7وکٹوں سے شکست دے دی ہے ۔ شارجہ میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد کے اوپنر ز نے ٹیم کو 27رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد شین واٹسن 19رنز بنا کر پوویلین لوٹے۔شرجیل خان بھی کچھ زیادہ نہ کر پائے اور 28رنز سکور کرکے شان ٹیٹ کا شکا ر بن گئے ۔

کپتان مصباح الحق نے خالد لطیف کے ہمراہ تیسری وکٹ کیلئے 57رنز جوڑے ۔ مصباح 32رنز سکور کرکے وہاب ریاض کی گیند پر آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔خالد لطیف بھی 59رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کا دوسرا شکار بنے ۔اننگز کے آخری اوور کی پہلی گیند پر آصف علی بھی بغیر رن بنائے آؤٹ ہوگئے ۔ہیڈن اور سمیع نے بقیہ اوور میں 6رنز سکور کرکے اسلام آباد کا سکور مقررہ بیس اوورز کے اختتام پر 152رنز کردیا ۔

(جاری ہے)

پشاور کی جانب سے اصغر اور وہاب نے 2جبکہ ٹیٹ اور جنید خان نے 1،1کھلاڑی آؤٹ کیا ۔ 153رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے تیز آغاز کیا تاہم 36کے مجموعی سکور پر محمد حفیظ 25رنز سکور کرکے پوویلین لوٹ گئے ۔جم ایلنبی بھی کچھ خاص نہ کرسکے اور 7رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔کامران اکمل بھی 10رنز کے مہمان ثابت ہوئے ،انہیں اجمل نے پوویلین چلتا کیا ۔تمیم اقبال نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاہد یوسف کے ہمراہ پشاور کی نیا پار لگائی ۔تمیم 80اور شاہد یوسف 27رنزکیساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ اسلام آباد کی جانب سے محمد سمیع ، اجمل اور بدری نے 1،1شکار کیا ۔ اس فتح کے ساتھ ہی پشاور زلمی پاکستان سپر لیگ کے سیمی فائنل مرحلے میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے ۔