غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، آغا مقصود عباس

جمعہ 12 فروری 2016 22:45

کراچی ۔ 12 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 فروری۔2016ء) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل آغا مقصود عباس نے کہا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کاروائی کی جائے تاکہ شہر کے انفرااسٹریکچر کو بہتر کیا جا سکے اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے سخت اور نتیجہ خیز کاروائی عمل میں لائی جائے۔

جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے یہ بات ایس بی سی اے میں افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہوں نے تمام ڈائریکٹرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے اپنے ٹاؤن /علاقوں میں ان تمام ملٹی اسٹوری بلڈنگز اور پرائیویٹ پروجیکٹ جس میں قانونی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیرات کی گئی ہیں ان کو 3 دن کے نوٹسز جاری کریں اور معیاد پوری ہونے پر سیل کر دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ جہاں کہیں بھی یونٹس کی تعمیرات ہورہی ہے ان کی سیڑھیاں اگر نقشے کے مطابق نہیں ہیں تو انہیں منہدم کر دیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ایسے تمام ریوائز پلان جنہوں نے این او سی سیل کی تجدید نہیں کروائی ہے کہ خلاف بھی ایکشن لیا جائے اور ایسے تمام شادی ہال جو رہائشی پلاٹس پر تعمیر ہیں یا ایمنٹی پلاٹس پر تعمیر کر لئے گئے ہیں انہیں فوری سیل کیا جائے اور ان پر مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے، ایسے تمام کمرشل پلاٹس جنہوں نے ابھی تک کمپلیشن جمع نہیں کروایا ہے ان کو نوٹسز جاری کئے جائیں۔

ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ جن پروجیکٹس میں کار پارکنگ کی منظوری لی گئی اور یہ سہولت فراہم نہیں کی گئی ان کے خلاف بھی سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ویجیلنس علی مہدی، ڈائریکٹر ڈیزائن عمیر مقبول، آشکار داور، سیکریٹری ڈینجرز بلڈنگ، منیر بھمبرو، ڈائریکٹر صدر ٹاؤن، جمیل میمن، ڈائریکٹر ڈیمولیشن، دیگر شعبہ جات اور ٹاؤن ڈائریکٹرز سمیت ایس ایچ او، ایس بی سی اے تھانہ محمد معین بھی شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :