وزیر اعلی پنجاب سے برطانیہ کے پولیس حکام کے وفد کی ملاقات

پنجاب پولیس اور پراسیکیوٹرز کے تربیتی پروگرام ، پولیس نظام میں اصلاحات اور قانون کی حکمرانی کے روڈ میپ پروگرام پر تبادلہ خیال وزیر اعلی شہباز شریف کی برطانوی وفد سے گفتگو پنجاب حکومت کے ساتھ پولیس اور پراسیکیوٹرز کی تربیت اور پولیس نظام میں اصلاحات کے حوالے سے تعاون جاری رکھیں گے،برطانوی وفد

جمعہ 12 فروری 2016 22:30

لاہو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے جمعہ کویہاں برطانیہ کے پولیس حکام کے وفد نے ملاقات کی-جس میں پنجاب پولیس اور پراسیکیوٹرز کے تربیتی پروگرام ، پولیس نظام میں اصلاحات اور قانون کی حکمرانی کے روڈ میپ پروگرام پر تبادلہ خیال ہوا- وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے برطانوی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلیم ، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کے ساتھ پولیس نظام کو بہتر کرنے کے حوالے سے بھی تعاون میں اضافہ ہو رہا ہے - پنجاب حکومت نے پولیس نظام میں اصلاحات اور پولیس کی تربیت کے لئے متعدد پروگرامز شروع کر رکھے ہیں - پولیس کے نظام میں اصلاحات اور اسے عوام کی امنگوں کے مطابق بنانا وقت کا تقاضا ہے -پولیس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے برطانوی پولیس سسٹم کے تجربات سے استفادہ کریں گے - عوام کا پولیس پر اسی طرح اعتماد بحال کرنا چاہتے ہیں جس طرح برطانوی پولیس پر اس کے شہریوں کا ہے- انہوں نے کہا کہ لاہور سے شروع کئے جانے والے جدید پولیس سٹیشنزکا دائرہ کار پنجاب بھر میں بڑھا رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ امن عامہ کی فضا کو بہتر بنانے اور جرائم میں کمی کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا وقت کی ضرورت ہے- پنجاب حکومت سیف سٹیز پروگرام کے منصوبے پر عملدرآمد کر رہی ہے - پنجاب سیف سٹی پروجیکٹ لاہو رکے بعد صوبے کے پانچ بڑے شہروں میں شروع کیا جا ئے گا - پنجاب حکومت نے لاہور میں ایشیاکی جدیدترین فرانز ک لیب قائم کی ہے -ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول میں پولیس کی تربیت کی سہولتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے-جرائم میں کمی لانے کے لئے ڈولفن فورس بہت جلد اپنا کام شروع کر دے گی- پنجاب حکومت نے صوبے میں جدید پیشہ وارانہ تربیت سے آراستہ انسداد دہشت گردی فورس تشکیل دی ہے - انہوں نے کہا کہ دہشت گردی و انتہا پسندی کا خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے - پاکستانی معاشرے میں انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں -پاکستانی معاشرہ برداشت، تحمل اور رواداری پر مبنی معاشرہ ہے جہاں سب کو یکساں حقوق حاصل ہیں - وزیر اعلی نے کہا کہشہروں کو محفوظ بنانے کے پروگرام کے حوالے سے بھی برطانوی پولیس کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں -پولیس نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے برطانیہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں - برطانوی وفد کے اراکین نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ پولیس اور پراسیکیوٹرز کی تربیت اور پولیس نظام میں اصلاحات کے حوالے سے تعاون جاری رکھیں گے-انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جدید فرانزک سائنس لیب ایک شاندار منصوبہ ہے - چیف سیکرٹری خصر حیات گوندل،انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ ،سیکرٹری پراسکیوشن ، متعلقہ حکام اور برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے کے نمائندے بن فرنچ بھی اس موقع پر موجود تھے-