میڈیا ہاؤسز کی سیکیورٹی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے‘رانا ثناء اﷲ خاں

دہشت گردی کے خلاف اچھے اقدامات پر میڈیا حکومت کی حوصلہ افزائی بھی کرے ‘وفاقی وزیر قانون

جمعہ 12 فروری 2016 22:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء ) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا ہے کہ حکومت صوبہ بھر کے میڈیا ہاؤسز کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد اور پرعزم ہے ، ہمارا میڈیا اس قومی عزم کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ، بہترین حفاظت کے پیش نظر میڈیا ہاؤسزحکومتی گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کریں اور کسی کمی،کوتاہی کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوری مطلع کریں امید ہے میڈیا اچھے سیکیورٹی اقدامات پر حکومت کی حوصلہ افزائی بھی کرے گا ۔

(جاری ہے)

وہ یہاں90 -شاہراہ قائد اعظم پر میڈیا ہاؤسز کی سیکورٹی کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے-اس موقع پر میڈیا ہاؤسز کے مالکان، اینکرز، نمائندگان کے علاوہ ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری ، معاون خصوصی وزیراعلی رانا مقبول احمد، ممبران صوبائی اسمبلی رانا ارشد، جہانگیر خانزادہ، سیکرٹری انفارمیشن ، سیکرٹری ہوم، آئی جی پنجاب اور ڈی آئی جی آپریشن بھی موجودتھے-رانا ثناء اﷲ خاں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف موجودہ جنگ میں ہمارا واسطہ ایسے سنگدل دشمن سے ہے جو چھپتا بھی نہیں اور کھل کر سامنے آتا بھی نہیں- انہوں نے کہا کہ داعش کا پاکستان میں کوئی منظم وجود نہیں ہے تاہم کچھ وائلنس مائنڈڈافراد سوشل میڈیا اور لٹریچر سے متاثر ہو کر ملک سے باہر گئے ہیں- انہوں نے کہا کہ اس طرح کا مائنڈ سیٹ پوری دنیا میں ہے-برطانیہ سے750جبکہ فرانس سے 1000سے زائد افراد داعش میں شمولیت کے لئے ملک سے باہر گئے ہیں- انہوں نے کہا کہ اس رجحان کا مطلب ہرگز یہ نہیں ان ملکوں میں داعش نے پنجے گاڑ لئے ہیں-قبل ازیں سیکرٹری ہوم اعظم سلیمان اور ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف نے شرکاء اجلاس کو میڈیا ہاؤسز کی سیکورٹی سے متعلق اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا- انہوں نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ریگولر بنیادوں پر میڈیا ہاؤسز کا دورہ کرتے ہیں-انہوں نے کہا کہ ایس پی رینک کے پولیس افسر کو میڈیا ہاؤسز سے رابطہ کے لئے بطور فوکل پرسن تعینات کیاگیا ہے-انہوں نے کہا کہ ونیٹج پوائنٹ پر تعینات گارڈز کو جدید اسلحہ ، تربی ت اور لائسنس فراہم کئے جائیں گے- آخر میں شرکاء اجلاس نے میڈیا ہاؤسز کی بہتر سیکورٹی کے لئے اپنی تجاویز پیش کیں اور کچھ خامیوں کی نشاندہی کی- جس پر وزیرقانون نے متعلقہ حکام کو فوری ایکشن لینے کی ہدایت کی-

متعلقہ عنوان :