ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کی کوششیں لائق تحسین ہیں، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

جمعہ 12 فروری 2016 22:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 فروری۔2016ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پاک فوج کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔دہشت گردوں کے منظم گروہوں کے خلاف بھرپور آپریشن سے خاطر خواہ نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سیاسی اور عسکری قوتوں کو ایک پیج پر آنا ہو گا۔

ہمارا روزازل سے یہ موقف رہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کا واحدحل پورے ملک میں فیصلہ کن فوجی آپریشن ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ سے حاصل معلومات اور مصدقہ اطلاعات کے باوجود حکومتی وزراء ملک میں داعش کی موجودگی سے انکاری رہے ۔لیکن انٹیلی جینس بیورو کے سربراہ کی پریس کانفرنس نے اس حقیقت کو بے نقاب کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

قومی سلامتی کے معاملے میں اگر حکومت اس طرح مصلحت پسندی اور بیرونی دباو کا شکار رہی تو پھر فوج کی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنا ممکن نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی دین مذہب نہیں ہے وہ اجرتی قاتل ہیں ۔عالمی طاقتیں اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے انہیں اسلام کا نام لے کر استعمال کر رہی ہیں۔پاکستان میں موجود ان مذموم عناصر کی جڑیں کاٹنا ہوں گی۔تمام وہ ادارے جہاں تکفیر اورفرقہ واریت کا نصاب پڑھایا جاتا ہے دہشت گرد ساز فیکٹریاں ہیں۔دہشت گردی کے خاتمے ان کا تدارک انتہائی ضروری ہے۔ملکی سالمیت کے لیے سب سے بڑا خطرہ یہ دہشت گرد طاقتیں ہیں جن مخصوص ایجنڈے کی تکمیل کے لیے اسلامی ممالک میں متحرک کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :