افغان صوبہ ہرات کے سابق گورنر فضل اﷲ واحدی کو اسلام آباد میں اغواء کرلیاگیا

سابق گورنربرطانیہ کا ویزہ لگوانے پاکستان آئے ہوئے تھے،پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں

جمعہ 12 فروری 2016 21:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء) افغانستان کے صوبہ ہرات کے سابق گورنر فضل اﷲ واحدی کو اسلام آباد میں نامعلوم افرادنے اغواء کرلیا،پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں جبکہ فوری طورپر ان کے اغواء کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی،جمعہ کو پولیس اورسفارتی ذرائع نے افغان صوبہ ہرات کے سابق گورنر فضل اﷲ واحدی کے اغواء کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ ان کو وفاقی دارلحکومت کے پوش سیکٹر ایف سیوں میں جناح سپر کے قریب واقع رانا مارکیٹ سے اغواء کیا گیا،ذرائع کے مطابق فضل اﷲ واحدی اسلام آباد میں برطانیہ کا ویزہ لگوانے کی غرض سے آئے تھے اورفیملی سمیت یہاں رہائش پذیر تھے گزشتہ روز شام کو جب وہ اپنی فیملی کے ہمراہ ایک ریستوران میں کھانا کھانے کے لیے نکلے تو اچانک نامعلوم افرادنے وہاں سے انہیں اغواء کیا اورفرارہونے میں کامیاب ہوگئے،پولیس نے بتایاکہ واقعہ ان کے علم میں آیا ہے اورانہوں نے اس کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ یہ بھی جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ اس واقعے کے پیچھے کیا محرکات کارفرما ہیں،فوری طور پر کسی نے اس اغواء کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔