پی آئی اے کے محنت کشوں کے ساتھ انتقامی کاروائیاں بند کی جائیں، حافظ سلمان بٹ

پی آئی اے کے محنت کشوں نے اپنے حقوق ادارے کی بقاء اور سلامتی کیلئے آئینی اور قانونی جدوجہد کی ہے، سیکرٹری جنرل نیشنل لیبر فیڈریشن

جمعہ 12 فروری 2016 21:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء) نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری حافظ سلمان بٹ نے پی آئی اے میں نجکاری کے خلاف تحریک میں حصہ لینے والے کارکنان کے خلاف پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے انتقامی کاروائی کئے جانے اور ملازمین کو شوکاز نوٹس اور ملازمتوں سے برطرف کئے جانے کی سخت مذمت اور احتجاج کرتے ہوئے اسے پی آئی اے کے پرامن ماحول کو تباہ کرنے کی سازش قرار دیا۔

حافظ سلمان بٹ نے کہا کہ پی آئی اے کے ملازمین نے اپنی نوکریوں کے تحفظ اور اپنے ادارے کی بقاء وسلامتی اور استحکام کیلئے آئینی وقانونی جدوجہد کی ہے اور پاکستان کا آئین اور قانون اس کی انہیں اجازت دیتا ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کو شوکاز نوٹس دیئے جانا محنت کشوں کو مشتعل کرنے کی سازش ہے۔

(جاری ہے)

پی آئی اے کی انتظامیہ محنت کشوں کو مشتعل کرکے پی آئی اے کا ماحول اور امن تباہ کرکے پی آئی اے کو نجکاری کی بھینٹ چڑھانا چاہتی ہے۔

پی آئی اے کے محنت کشوں نے اپنے اتحاد، یکجہتی اور شعور سے نجکاری کمیشن کی سازشوں کو ناکام بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشن لیبر فیڈریشن پی آئی اے کے محنت کشوں کے ساتھ ہے۔ ہم پی آئی اے کے محنت کشوں کے ساتھ کسی بھی ظلم اور زیادتی کو برداشت نہیں کریں گے اور پی آئی اے کے محنت کشوں کی آئینی اور قانونی جدوجہد میں پی آئی اے کے محنت کشو کے شانہ بشانہ جدوجہد کریں گے اور پورے ملک میں پی آئی اے ودیگر قومی اداروں کی نجکاری کے خلاف احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :