شہر قائد میں موجود پارکوں کی جانب ہنگامی طور پر توجہ دی جائے اور انھیں عوام کے لئے مزید بہتر بنایا جائے، گورنر سندھ

جمعہ 12 فروری 2016 21:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ شہر قائد میں موجود پارکوں کی جانب ہنگامی طور پر توجہ دی جائے اور انھیں عوام کے لئے مزید بہتر بنایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گورنر ہاؤس میں شہر کے پارکوں کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں وزیر بلدیات جام خان شورو، اسپیشل سیکریٹری اختر غوری ، کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ ، میونسپل کمشنر سمیع الدین صدیقی ، ڈائریکٹر جنرل پارکس بلدیہ عظمیٰ کراچی اسد اﷲ شاہ ، ڈائریکٹر ٹیکنیکل بلدیہ عظمیٰ کراچی نیاز سومرو ، مسعود عالم رضوی اور فہیم بیگ نے بھی شرکت کی ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پارکوں میں بچوں کے لئے تفریحی سہولیات کے ساتھ ساتھ شجر کاری کی جانب بھی توجہ دی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پارکوں میں واکنگ اور جاکنگ ٹریکس بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ان میں واک او جاکنگ کے لئے آنے والے افراد کو آسانی ہو سکے ۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ پارکوں کی دیکھ بھال اور انھیں عوام کے لئے زیادہ فائدہ مند بنانے کے لئے متعلقہ علاقے اور اہل محلہ کی رائے بھی مد نظر رکھا جائے ۔

انہوں نے اس ضمن میں پارکوں میں منیجمنٹ کمیٹیاں بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ پارکوں کی دیکھ بھال پر توجہ دی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے پارکوں میں بیٹھنے کے لئے بینچوں ، لائٹس کی تنصیف اور خوشنما پودوں کو لگانے پر خصوصی توجہ دی جائے اور خصوصاً پارکوں میں فیمیلز کو آنے کے رجحان کی حوصلہ افزائی کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں ۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ شہر کے بڑے پارکس کے باہر موجود ہورڈنگز سے ہونے والی آمدنی ان پارکس کو دینے کی تجویز سے اتفاق کیا اور کہا کہ ان سے پارکوں کی زیادہ بہتر دیکھ بھال میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پارکوں میں فیسٹیول اور دیگر تقریبات کے انعقاد سے گریز کیا جا نا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ بلدیہ عظمیٰ کو ہدایت کی کہ ان مقاصد کے لئے الگ جگہ مختص کی جائے تاکہ پارکوں کو نقصان سے محفوظ رکھا جاسکے ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام شہر میں 30 پارکس ہیں جن کی دیکھ بھال کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کے تحت سڑکوں پر شجرکاری اور فٹ پاتھوں کو خو بصورت بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ کے ڈائریکٹر جنرل پارکس اسد اﷲ شاہ نے گورنرسندھ کو بلدیہ عظمیٰ کے زیر انتظام پارکس کے بارے میں تٖفصیلی بریفنگ دی ۔ انہوں نے ہل پارک، جھیل پارک ، عزیز بھٹی پارک ، شہید بینظیر بھٹو پارک ، باغ ابن قاسم ، باغ رستم ، معین اختر پارک ، سر سید پارک اور دیگر پارکوں کے بارے میں گورنر سندھ کو تفصیل سے آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :