قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کی وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات

بلوچستان میں سیکورٹی کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا

جمعہ 12 فروری 2016 21:37

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء ) قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری سے جمعہ کے روز یہاں ملاقات کی، ملاقات کے دوران بلوچستان میں سیکورٹی کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ بلوچستان نے پرامن بلوچستان کے قیام کے لیے حکومتی اقدامات سے انہیں آگاہ کیا، قومی سلامتی کے مشیر نے صوبے میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے صوبائی حکومت کے اقدامات کو قابل اطمینان قرار دیا، ملاقات میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ صوبے سے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت ایک صفحہ پر ہے، متعلقہ سول و عسکری اداروں کے درمیان بہترین روابط کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا، چیف سیکریٹری بلوچستان چیف اﷲ چٹھہ اور رکن صوبائی اسمبلی میر عاصم کرد گیلو بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :