پسنی فش ہاربر کی توسیع اور فعالی کیلئے مطلوبہ وسائل فراہم کئے جائیں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

جمعہ 12 فروری 2016 21:37

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء ) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے کہاہے کہ پسنی فش ہاربر کی توسیع اور فعالی کے لیے مطلوبہ وسائل فراہم کئے جائیں گے، حکومت ماہی گیری کے شعبے کی ترقی اور ماہی گیروں کی فلاح و بہبود کے لیے موثر اقدامات کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پسنی فش ہاربر کی بحالی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اﷲ چٹھہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات)نصیب اﷲ خان بازئی،سیکرٹری ماہی گیری ارشد بگٹی، سیکریٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی اوردیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے جبکہ سیکرٹری ماہی گیری ارشد بگٹی نے اجلاس کو بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پسنی فش ہاربر مقامی ماہی گیروں کے روزگار اور بلوچستان کی مچھلی کی برآمد کے حوالے سے نہایت اہمیت کا حامل ہے، تاہم ڈریجنگ نہ ہونے اور ہاربر کو درپیش دیگر مسائل کی وجہ سے ہاربر طویل عرصہ سے غیر فعال ہے انہوں نے ہدایت کی کہ ہاربر کی جلد ازجلد فعالی کو یقینی بنایا جائے اور دوست ملک جاپان کی جانب سے ہاربر کی بحالی کے لیے فراہم کی گئی گرانٹ کے منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے صوبائی حکومت اس حوالے سے بھرپور معاونت کرے گی، ایم ڈی پسنی فش ہاربر نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پسنی فش ہاربر سے 15ہزار رجسٹرڈ اور 30ہزار غیر رجسٹرڈ ماہی گیروں کا ذریعہ معاش وابستہ ہے ، تاہم مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے ہاربر غیرفعال ہوچکا ہے ، انہوں نے بتایا کہ 2010سے جاپانی گرانٹ سے پسنی فش ہاربر کی بحالی و فعالی کا کام شروع ہوا تاہم اس کے تین اجزاء میں محض ڈریجنگ پر کام جاری ہے اور فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے اسے بروقت مکمل نہیں کیاجاسکا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے پسنی فش ہاربر کی مقررہ مدت میں بحالی نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ہدایت کی متعلقہ حکام فش ہاربر کی فعالیت کیلئے ایک ہفتے کے اندر اندر پلان پیش کریں اور حکومت اس سلسلے میں ضرورت کے مطابق فنڈز بھی فراہم کریگی،وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ پسنی فش ہاربراتھارٹی کے ایم ڈی کی جگہ پی ڈی پسنی فش اتھارٹی پروجیکٹ مقرر کیا جائے اور اس کی بحالی کے لئے فنڈز کی فراہمی کویقینی بنایا جائے تاکہ فش ہاربر کی فعالیت کا کام جو طویل عرصہ سے تعطل کا شکار ہے اسے دوبارہ شروع کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :