وزیر داخلہ سے جاپانی سفیر کی الوادعی ملاقات، دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

پاکستان جاپان کیساتھ دوستانہ تعلقات، باہمی تعاون کو اہمیت دیتا اور مزید مضبوطی کا خواہاں ہے، چودھری نثار پاکستان جرائم کی روک تھام، موثر تفتیش، کوئیک ریسپانس سسٹم ،ٹریفک کے بہتر انتظام کے سلسلے میں جاپان کے مزید تعاون کا خیر مقدم کریگا ، وزیر داخلہ کی گفتگو

جمعہ 12 فروری 2016 21:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء) جاپانی سفیر ہیروشی انوماتانے جمعہ کو وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان سے پنجاب ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی جس میں پاک جاپان تعلقات اوردو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر نے پاک جاپان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے ،دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں جاپانی سفیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپان کیساتھ اپنے دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے اوراس میں مزید مضبوطی اور فروغ کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاپان ایک ایسا ملک ہے جس نے ہمیشہ پاکستانی قوم کے اقدار، جذبات اور مفادات کو مقدم رکھا ہے اور اس دوستی کی پاکستانی قوم سے کبھی کوئی قیمت نہیں مانگی۔

(جاری ہے)

امن و امان کی بہتری اور پولیس کی استعدادِکار بڑھانے کے سلسلے میں حکومت جاپان کی طرف سے اب تک مہیاکئے گئے تعا ون کو سراہاتے ہوئے وزیرِداخلہ کہا کہ پاکستان جرائم کی روک تھام، موثر تفتیش، کوئیک ریسپانس سسٹم اور ٹریفک کے بہتر انتظام کے سلسلے میں جاپان کی طرف سے ادارہ جاتی طور پر مزید تعاون کا خیر مقدم کریگا ۔

جاپانی سفیر نے اپنی مدتِ تعیناتی کے دوران مکمل تعاون فراہم کرنے پر حکومت پاکستان اور وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کے خلوص ، دوستی اورمہمان نوازی کی انمٹ یادیں ہمیشہ ساتھ رہیں گی۔ پاکستان کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے جاپانی سفیر نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے پچھلے ڈھائی سالوں میں پاکستان میں امن امان کی صورتحال میں واضح اور مثبت بہتری آئی ہے جس کی واضح مثال کراچی میں جاپانی سرمایہ کاروں کی آمدو رفت اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہے۔ وزیرِداخلہ نے الوداع ہونے والے جاپانی سفیر کی آئندہ زندگی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔