قطر سے ایل این جی سپلائی کا معاہدہ حکومت کا کارنامہ ہے،منصوبے سے بند صنعتیں بحال، لاکھوں افراد کو روزگار اورحکومت کو ریونیو ملے گا،اقتصادی راہداری اور گیس ڈیل ملکی تاریخ کے اہم ترین معاہدے ہیں

آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدرمیاں زاہد حسین کا بیان

جمعہ 12 فروری 2016 20:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 فروری۔2016ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ قطر سے سولہ ارب ڈالر کا ایل این جی سپلائی کا معاہدہ موجودہ حکومت کا بڑا کارنامہ ہے جو ملکی معیشت کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔اس معاہدے سے انرجی مکس بہتر اورتوانائی بحران کم ہو کر اقتصادی ترقی یقینی کو یقینی بنائے گا۔

ایل این جی ڈیل وزیر اعظم نواز شریف کی ذاتی دلچسپی اور وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کی کئی سال کی مخلصانہ کوششوں کا نتیجہ ہے جس سے موسم گرما میں لوڈ شیڈنگ کم ہو جائے گی۔انھوں نے اس معاہدے پر حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ٹیکسٹائل انڈسٹری، ویلو ایڈڈ صنعتیں، یوریا اور تین سو ارب سے زیادہ کی پنجاب کی سی این جی انڈسٹری بحال ہو جائے گی جس سے آئل امپورٹ بل اورماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی جبکہ لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا اسکے علاوہ حکومت کو محاصل کی مد میں اربوں روپے کی آمدنی ہو گی۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین جو بزنس مین پینل کے سینئیر وائس چئیرمین اور سابق صوبائی وزیر بھی ہیں نے کہا کہ موجودہ حکومت توانائی بحران حل کرنے میں سنجیدہ ہے اور سستی سی این جی کا معاہدہ اسکی بڑی کامیابی ہے جس کا اثر ملک سے ہرشخص اور ہر شعبہ پر پڑے گا جبکہ صرف ڈیزل کی مد میں 600 ملین ڈالر کی بچت ہو گی۔توانائی کی بیس فیصد ضرورت ایل این جی سے پوری ہونے سے سالانہ ایک ارب ڈالر کی بچت ہو گی جبکہ ملکی برامدات اور روزگار کی صورتحال بہتر اور صنعتیں رواں دواں ہو جائینگی جس سے ملکی معیشت کو سالانہ ایک ارب ڈالر کا فائدہ ہو گا۔

ایل این جی ڈیل اقتصادی راہداری کی طرح ملکی تاریخ کے اہم ترین معاہدوں میں شامل ہے جبکہ اسکے فائدہ راہداری سے قبل نظر آنا شروع ہو جائینگے۔انھوں نے کہا کہ ترکمانستان اور ایران سے گیس کی درامدموجودہ وقت میں ناممکن، تھر کول سے فائدہ اٹھانے میں تاخیراور ملکی زخائر کا کھوج لگانے کی رفتار غیر تسلی بخش ہونے کی وجہ سے ایل این جی کی درامد آخری آپشن تھا۔حکومت کی مزاکراتی ٹیم نے ایل این جی ڈیل کے ساتھ ایک لاکھ افراد کو قطر میں روزگار فراہم کرنے کا معاہدہ کر کے ملکی مفادات کو تقویت دی ہے جس سے بے روزگاری میں کمی اور زرمبادلہ کی صورتحال بہتر ہو گی۔

متعلقہ عنوان :