2005کے زلزلے میں منہدم مارگلہ ٹاور کے مالک حفیظ شیخ اور اہلیہ کی انٹرپول کی مدد سے گرفتاری کیلئے جاری ریڈوارنٹ منسوخ

وزارت داخلہ نے عدالت کی طرف سے بریت کے فیصلے کے بعد پولیس کی درخواست پرملزمان کے وارنٹس کی منسوخی کی منظوری دی

جمعہ 12 فروری 2016 20:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 فروری۔2016ء) 8اکتوبر2005ء کے زلزلے میں منہدم ہونے والے مارگلہ ٹاور کے مالک حفیظ شیخ اور ان کی اہلیہ کی انٹرپول کی مدد سے گرفتاری کیلئے جاری کروائے گئے ریڈوارنٹ منسوخ کر دیئے گئے ہیں،ریڈ وارنٹ ،عدالت کی طرف سے ملزمان کومارگلہ ٹاورمنہدم ہونے کے مقدمے میں بری کرنے پر منسوخ کرائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق 8اکتوبر2005ء کے زلزلے میں منہدم ہونے والے مارگلہ ٹاور کے مالک حفیظ شیخ اور ان کی اہلیہ کے خلاف تھانہ شالیمار میں مقدمہ درج کیا گیا تھا،حفیظ شیخ اور ان کی اہلیہ گرفتاری سے بچنے کیلئے بیرون ملک فرار ہو گئے تھے جس پر پولیس نے2009میں ملزمان کی انٹرپول کی مدد سے گرفتاری کیلئے ان کے ریڈ وارنٹ جاری کروائے تھے، عدالت کی طرف سے ملزمان کو بری کئے جانے کے فیصلے کے بعد پولیس کی درخواست پر وزارت داخلہ نے حفیظ شیخ اور ان کی اہلیہ کے ریڈوارنٹ کی منسوخی کی منظوری دی، جس کے بعد ایف آئی اے نے ریڈ وارنٹ کی منسوخی سے متعلق انٹرپول کے مرکزی دفتر کو خط ارسال کیا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے خط کے نتیجے میں ملزمان کے ریڈ وارنٹ منسوخ کر دیئے گئے ہیں