تعلیمی اداروں میں تحقیق کو فروغ دینے کے لیے ریسرچ کی حوصلہ افزائی کی جار ہی ہے ‘ نوجوانوں کو ہمیشہ بڑے اہداف کا انتخاب اور حصول کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنی چاہئیں

گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ کا انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اکاؤنٹس آف پاکستان کی تقریب سے خطاب

جمعہ 12 فروری 2016 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 فروری۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ فیصلہ سازی کا انحصار فقط ہماری ذات پر ہی نہیں بلکہ حالات کے دھارے پر بھی ہوتا ہے ،محنت ، لگن اور جہد مسلسل ہی کامیاب زندگی کی ضمانت ہے ، نوجوانوں کو ہمیشہ بڑے اہداف کا انتخاب کرنا چاہیے اور ان کے حصول کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنی چاہئیں،کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا ، خواب ضرور دیکھنا چاہیے مگر ان کی تعبیر صرف عمل سے ہی ممکن ہے۔

ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اکاؤنٹس آف پاکستان کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ کامیاب انسان وہ ہے جو ہر قسم کے حالات اور صورت حال میں بہتر فیصلے کر کے اپنے اور ملک و قوم کے لیے کامیابی کا باعث ہو ۔

(جاری ہے)

عظیم لوگ اپنی ناکامیوں میں کامیابی کی راہ تلاش کر لیتے ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ بن جاتے ہیں ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے تعلیمی اداروں میں اعلی تعلیم کے معیار اور مواقعوں میں بتدریج بہتری آ رہی ہے اور دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ مینجمنٹ اور اکاؤنٹس کے شعبوں میں بھی ہمارے نوجوان کامیابیوں کے جھنڈے گاڑھ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں تحقیق کو فروغ دینے کے لیے ریسرچ کی حوصلہ افزائی کی جار ہی ہے اور اس مقصد کے لیے دنیا بھر کے تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ کی کامیابی کا سہرا آپ کے والدین کے سر ہے جن کی محنت کے طفیل آپ کو یہ مقام نصیب ہوا ، اب یہ آپ کا بھی فرض ہے کہ ان کی توقعات پر پورا اتریں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ کی اس کامیابی میں ملک و قوم کا بھی حصہ ہے ،اب یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ خود کو ملک و قو م کی خدمت کے لیے وقف کر دیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور ان کے نوجوان اپنی محنت کے بل بوتے پر اس ترقی کی بلندیوں پر لے جائیں گے۔گورنر پنجاب نے ملک میں اکاؤنٹس اور مینجمنٹ کی تعلیم کے فروغ میں ادارے کے کردار کو سراہا ۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں ۔