وفاقی دارالحکومت اور پنجاب میں معیاری تعلیم کے فروغ، اساتذہ و عملہ اور طلبہ کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے آئی ٹی کے دومنصوبوں پر کام جاری

اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 فروری۔2016ء لیکچر کی سہولیات حاصل ہوں گی، پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں کا ریکارڈ آن لائن کیا جا رہا ہے، محکمہ تعلیم کے افسران کو ٹیب دیئے جائیں گے

جمعہ 12 فروری 2016 19:51

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 فروری۔2016ء) وفاقی دارالحکومت اور پنجاب میں معیاری تعلیم کے فروغ، سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ و عملہ کی حاضری کو یقینی بنانے اور سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے متعلق دو الگ الگ منصوبہ جات پر کام ہو رہا ہے۔

کیڈ کے ذرائع کے مطابق ملک میں معیاری تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس کے لئے تمام اسکولوں میں ایک نظام ترتیب دیا جا رہا ہے جس پر دو کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ اس سے اساتذہ اور عملہ کی حاضری، تعلیمی اداروں میں سہولیات کا جائزہ اور آن لائن لیکچر کی سہولیات حاصل ہوں گی۔

(جاری ہے)

صوبہ پنجاب میں بھی تعلیمی اداروں کی نگرانی کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے اسی قسم کے منصوبہ پر کام ہو رہا ہے۔ پنجاب کے وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے بتایا کہ صوبہ کے تمام تعلیمی اداروں کا ریکارڈ آن لائن کیا جا رہا ہے جبکہ محکمہ تعلیم کے ضلعی افسران کو جدید ٹیب (Tabs ) بھی لے کر دیئے جائیں گے۔ یہ افسران مختلف تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کریں گے، اساتذہ کی حاضری، سہولیات اور طلباء کی تعداد اپ ڈیٹ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس کی تصدیق کے لئے یہ تمام رپورٹیں بھی آن لائن دستیاب ہوں گی اور علاقہ کا کوئی بھی فرد ان پر اعتراض کر سکے گا جس پر کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد سرکاری تعلیمی اداروں کی موثر نگرانی کو یقینی بنانا اور ان میں معیار تعلیم کو بہتر بنانا ہے۔

متعلقہ عنوان :