تجاوزات، رانگ پارکنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری،4306مقدمات درج

ڈی ایس پیز اپنی نگرانی میں کریک ڈاؤن کی کامیابی کیلئے اقدامات کریں وارڈنز کو مزیدمحنت،لگن سے ڈیوٹی کرنے کی ہدایت،سیکٹرانچارجز سکواڈ بنا کر کارروائی کریں ،تاجروں سے رابطہ کرکے انہیں رضاکارانہ طور پر تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت کریں ،طیب حفیظ چیمہ

جمعہ 12 فروری 2016 18:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 فروری۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے اور ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے شہر بھر میں رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔سی ٹی او کی ہدایت پرڈویژنل ایس پیز کی نگرانی میں گزشتہ روز بھی تجاوزات ، رانگ پارکنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہااور ابتک 4306افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے جا چکے ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ نے سرکل افسران کو کریک ڈاؤن کو مزید موثر بنانے کیلئے احکامات جاری کےئے ۔انہوں نے کہا کہ تمام سیکٹر انچارجز اپنے اپنے علاقوں میں سکواڈ بنا کر کارروائی کرتے ہوئے ڈی ایس پیز کی نگرانی میں کارکردگی رپورٹ روزانہ دفتر ارسال کریں۔

(جاری ہے)

طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ سڑکوں اور مارکیٹوں کے گردونواح میں رش کے اوقات میں رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے ۔

سی ٹی او نے ڈی ایس پیز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ رش کے اوقات میں خود سڑکوں پر موجود رہیں۔پٹرولنگ آفیسر زاور پوائنٹس ڈیوٹی کرنے والے اہلکار محنت اورذمہ داری سے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کا رلاتے ہوئے ڈیوٹی کریں۔انہوں نے سیکٹر انچارجز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکل افسران کی سپرویژن میں تاجر تنظیموں کے عہدیداران سے رابطہ رکھتے ہوئے رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے اقدامات کریں،علاوہ ازیں تجاوزات کے مرتکب افراد کو نوٹس دیں کہ وہ رضاکارانہ طور پر فوری تجاوزات ختم کردیں۔انہوں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھیں۔