غیر رجسٹرڈ تعلیمی ادارے ،اکیڈمیزکے خلاف ایکشن پلان تیار

کم فیس کا لالچ دیکر بچوں کو داخل کرلیتے ہیں امتحانی داخلے کسی دوسرے سکول کی جانب سے بھجواتے ہیں

جمعہ 12 فروری 2016 18:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 فروری۔2016ء)حکومت پنجاب کی طرف سے“ غیر رجسٹرڈ تعلیمی ادارے ،اکیڈمیزکے خلاف ایکشن پلان تیار“ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ حکومت نے ای ڈی اوز کو حکم جاری کیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں اور اکیڈمیز کی فہرست ہنگامی بنیادوں پر ارسال کریں تاہم ان کے خلاف فوری ایکشن پلان تیار کیا جا سکے۔

صوبہ بھر میں سینکڑوں غیر رجسٹرڈ تعلیمی ادارے بچوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

حکومتی ہدایت کے مطابق تمام ضلع میں موجود ڈی سی اوز ای ڈی اوز سے ملنے والے ڈیٹا کے مطابق غیر رجسٹرڈ تعلیمی ادارے ،اکیڈمیزکے خلاف کارروائی کریں گے جس میں ان اداروں کی سوسائٹی میں ساکھ کے بارے معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کے مالکان کم فیس کا لالچ دیکر بچوں کو داخل کرلیتے ہیں اور بعد میں دیگر سکول جو رجسٹرڈ ہیں ان کے مالکان کو پیسے دیکر ان کے سکول کی جانب سے بچوں کے داخلے بھجواتے ہیں بعض رجسٹرڈ سکول مالکان اپنے سکول کے رزلٹ خراب ہونے کے خدشہ کے پیش نظر بچوں کے داخلے نہیں بھیجتے جس سے بچوں کے مستقبل پر اثرات پڑتے ہیں