بے جان حکمران اور پارلیمنٹ عوام کے مفاد کا تحفظ نہیں کرسکتی ،پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف نہ دینا بددیانتی ہے‘منظور انجم

حکمرانوں کا اہم قومی اداروں کی ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرز پر نجکاری کا پلان کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا‘ رکن پیپلز پارٹی فیڈرل کونسل

جمعہ 12 فروری 2016 18:26

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 فروری۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن چوہدری منظور انجم نے کہا ہے کہ بے جان حکمران اور پارلیمنٹ عوام کے مفاد کا تحفظ نہیں کرسکتی ،پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف نہ دینا بددیانتی ہے،حکمرانوں نے پی آئی اے اور واپڈا سمیت اہم قومی اداروں کی ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرز پر نجکاری کرنے کا جو پلان بنا رکھا ہے اسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی پیپلز پارٹی کسی سرکاری ملازم کو حکمرانوں کی انتقامی غیر آئینی غلط پالیسیوں کی ظر ہونے دے گی ۔

یہ بات انہوں نے پیپلز لیبر بیورو سے وابستہ مختلف اداروں کی ٹریڈ یونینز کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی کہ بہتر تو یہ تھا کہ موجودہ حکومت نقصان میں چلنے والے حکومتی ملکیتی اداروں کی پہلے تنظیم نو کرتی اور تنظیم نو سے جو بہتری آتی اس کی روشنی میں پھر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے کر ان اداروں کی نجکاری یا ان کو حکومتی تحویل میں لینے کا فیصلہ کرتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نجکاری کے ضمن میں یہ بات بھی اہم ہے کہ اداروں کو غیر ملکیوں کے ہاتھوں فروخت کرنے سے پہلے اس امر کو بھی مد نظر رکھنا ہوگا کہ بڑے پیمانے پر ملکی اثاثے فروخت کرنا ملکی مفاد میں ہے یا نہیں اس ضمن میں ایسٹ انڈیا کمپنی کا دور بھی یاد رکھنا ہوگا اور نو آبادیاتی نظام کی نئی شکل میں واپسی کی راہ بھی ہموار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی و خوشحالی کے دعویداروں کی کرپشن شو بازیاں عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتیں ۔

تمام حکومتی وسائل اور قومی خزانے لاہور کو فتح کرنے کے لئے بے دریغ استعمال کیے جارہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے بلدیاتی اداروں کو بے اختیار کرنے کے مسلسل اقدامات نے اس کی جمہوریت پسندی کے دعوؤں کو بے نقاب کردیا ہے۔ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں دیئے گئے اختیارات اور طریقہ انتخاب میں تبدیلیوں سے واضح ہوگیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نچلی سطح پر منتخب نمائندوں کو برداشت کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی بڑی سیاسی جماعت اور حقیقی اپوزیشن ہے نواز شریف کے لئے بہتر ہوگا کہ وہ 1990ء کی دہائی کی سیاست کو دوہرانے سے گریز کریں وگرنہ ان کی انتقامی سیاست کے نتائج بھیانک نکلیں گے ۔ چوہدری منور انجم نے محنت کشوں کے وفد کو یقین دلایا کہ موجودہ غیر یقینی جیسی صورتحال میں ملک جن مسائل اور مشکلات سے دو چار ہے پیپلز پارٹی خاموش نہیں بیٹھے گی بلکہ ایسی نازک صورتحال میں اپنا آئینی جمہوری و قانونی کردار ادا کرنے کے لئے بھرپور جدوجہد کرے گی۔