صوبے میں جاری ترقیاتی سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے‘ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت

محکمے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے بھرپورتعاون کریں ‘ خضر حیات گوندل کی زیر صدارت سیکرٹریز کانفرنس سے خطاب

جمعہ 12 فروری 2016 18:26

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 فروری۔2016ء) چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے ہدایت کی ہے کہ صوبے میں جاری ترقیاتی سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے،ایڈمنسٹریٹو سیکریٹریز اپنے محکموں کی ترقیاتی سکیموں کا ماہانہ جائزہ لیں اور ان کی باقاعدہ مانیٹرنگ یقینی بنا ئیں۔یہ ہدایت انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں سیکرٹریز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔

کانفرنس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام، سٹیزن فیڈ بیک ماڈل ، پینشن اور محکمانہ کارروائی کے کیسز اور دیگر انتظامی امور زیر بحث آئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ صوبے میں انفراسٹرکچر اور تعلیم و صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعدد منصوبے جاری ہیں جن کی بر وقت تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے محکموں کی جانب سے ترقیاتی فنڈز کے استعمال کو تسلی بخش قرار دیا تاہم انہوں نے اسے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہسٹیزن فیڈ بیک ماڈل عوامی رائے جاننے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ماڈل کومزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کئے جائیں۔ چیف سیکریٹری نے ہدایت کی ہے کہ تمام محکمے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن سے بھرپورتعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قومی سرمایہ ہیں، ان کے مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر ہونا چاہئے۔

انہوں نے پنشن اور محکمانہ کارروائی کے زیر التو کیسز کو جلد از جلد نمٹانے کا حکم بھی دیا۔ کانفرنس میں باچا خان یورنیورسٹی اور کوئٹہ حملے میں شہید ہونیوالوں کیلئے دعا بھی کی گئی۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری شمائل احمد خواجہ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ،کمشنراوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب، مختلف محکموں کے ایڈمنسٹریٹوسیکرٹریزاور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :