پاکستان سعودی عرب کو سرخ جھنڈی نہیں دکھا سکتا،سعودی عرب کے دفاع کیلئے پاکستان سب کچھ کرنے کیلئے تیار ہے‘ ساجدمیر

مشکلات کے باوجود سعودی عرب چین اور قطر کی طرح پاکستا ن میں سرمایہ کاری کرسکتا ہے‘ ریاض میں استقبالیہ تقریب سے خطاب

جمعہ 12 فروری 2016 18:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء ) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستا ن سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کو سرخ جھنڈی نہیں دکھا سکتا، سعودی عرب کے دفاع کے لیے پاکستان سب کچھ کرنے کے لیے تیار ہے،مشکلات کے باوجود چین اور قطر کی طرح پاکستا ن میں سرمایہ کاری کرسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریاض میں مرکزی جمعیت اہل حدیث سعودی عرب کے امیر عبدالمالک مجاہد کی طرف سے دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ سعودی حکمران کوئی بھی ہو، حرمین شریفین کا تقدس اور اُن کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ یہ ہمارا ایسا رشتہ ہے جو کسی بھی دوسرے تعلق اور رشتہ سے مضبوط ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلق کودوسرے ملک سے تقابل کیا ہی نہیں جا سکتا۔ذوالفقار علی بھٹو ہوں یا جنرل ضیاء الحق، نواز شریف ہوں یا جنرل پرویز مشرف پاکستان کا ہمیشہ سعودی عرب نے بڑے بھائی کی طرح خیال رکھا اور ہر مشکل میں ہمارا ساتھ دیا۔

ایٹمی دھماکوں کے بعد سعودی عرب پاکستان کو اربوں ڈالر کا مفت تیل فراہم کرسکتا ہے توآج بھی وہ سب کچھ نچھاور کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کی معیشت میں بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے بھجو جانے والے زرمبادلہ کا اہم کردار ہے اور اس سلسلے میں سب سے زیادہ پیسیہ سعودی عرب سے ہی پاکستان بھجوایا جاتا ہے۔ ہر سال تقریباً تین سے چار لاکھ پاکستانیوں کو سعودی عرب میں نوکریاں دی جاتی ہیں۔

پروفیسر ساجد میر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ان گہرے تعلقات کو سیاست اور پوائنٹ سکورنگ کر کے بگاڑنے کی بجائے ہمیں سنجیدگی سے سعودی عرب کو اپنی سالمیت سے متعلق خطرات کا سامنا کرنے میں مدد کرنی چاہیے۔ اس سلسلے میں حکومت کا فیصلہ انتہائی مناسب اور معقول ہے۔ تقریب سے رکن اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان مولانا علی محمد ابوتراب نے بھی خطاب کیا۔