Live Updates

تحریک انصاف میں چٹھہ خاندان کی شمولیت بریک تھرو ہے ،نواز لیگ کو ٹف ٹائم ملے گا ‘عبدالعلیم خان

قومی مستقبل تحریک انصاف سے وابستہ ہے ،آنے والے دنوں میں پنجاب سے مزید اچھی خبریں آئیں گی ‘مرکزی رہنماء تحریک انصاف

جمعہ 12 فروری 2016 18:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سابق سپیکر اور قومی سیاست میں مثبت شہرت رکھنے والے چٹھہ خاندان کی تحریک انصاف میں شمولیت بہت بڑا بریک تھرو ہے آنے والے دنوں میں مزید اچھی خبریں آئیں گی اور نواز لیگ کو قومی سیاست میں ٹف ٹائم ملے گا۔ عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹے وعدوں کے ذریعے اقتدار پر قابض موجودہ حکمرانوں کی آخری باری چل رہی ہے اور ایک دوسرے کو ’’واک اوور‘‘دینے والے زرداری نواز بھائیوں کا بھانڈا پھوٹ چکا ہے ،قومی مستقبل تحریک انصاف سے وابستہ ہے اور صوبہ پنجاب میں پی ٹی آئی ماضی سے زیادہ بڑھ کر مقبولیت حاصل کرے گی اور ملک گیر تبدیلی کا آغاز اسی بڑے صوبے سے ہو گا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان پر اُن کے سیاسی مخالفین بھی کرپشن ،اقربا پروری اور لوٹ مارکا الزام نہیں لگا سکتے اُن کی قومی خدمات سب کے سامنے ہیں اور انشا ء اﷲ اقتدار میں آنے کے بعد وہ پاکستان کو صحیح معنوں میں قائد اور اقبال کے خوابوں کی تعبیر دیں گے ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی مقبولیت سے خوف زدہ ہو کر حکومتی اداروں نے پراپیگنڈہ مہم شروع کر دی ہے اور سرکاری مشینری کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات سمیت بعض وزراء کا صبح سے لے کر شام تک کام ہی عمران خان پر تنقید کرنا ہے اور وہ اپنے نوکری پکی کرنے کے چکر میں شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار دکھائی دیتے ہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف روائتی سیاست کے خلاف نکلی ہے اور انشا ء اﷲ اپنے مقاصد حاصل کر کے دم لے گی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات