وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت پاکستان میں کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ،ایس ایم منیر

وصنعتکاروں نے گزشتہ ایک سال کے دوران دیانتداری کے ساتھ فیڈریشن میں کرپشن اورلوٹ مار کا خاتمہ کرنے میں ہمارا ساتھ دیا ،عشائیے سے خطاب

جمعہ 12 فروری 2016 18:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ اور کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت پاکستان میں کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ، مخالف گروپ پروپیگنڈے کی سیاست میں مصروف عمل تھا لیکن ملک بھر کے تاجروصنعتکاروں نے گزشتہ ایک سال کے دوران دیانتداری کے ساتھ فیڈریشن میں کرپشن اورلوٹ مار کا خاتمہ کرنے پر ہمارے یونائیٹڈ بزنس گروپ کا ساتھ دیا یہ بات انہوں نے گزشتہ روز یونائیٹڈ بزنس گروپ کینیڈا چیپٹر کے چیئرمین سید نوید بخاری کی جانب سے اپنے اعزازمیں دئیے گئے عشائیے کے موقع پر کہی اس موقع پر یونائیٹڈ بزنس گروپ کے اہم رہنما ڈاکٹرمرزااختیاربیگ،پاکستانی قونصل جنرل اصغرگولو،نارتھ کراچی ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ نوراحمد خان،نیشنل فوڈ ز کے ڈائریکٹر سید حسن احمد،چیئرمین رزاق کوچرا،قمرصدیقی،کلیم صدیقی ، ڈاکٹرشفیق قادری،ایس ایم جاوید،سمیر ڈوسل، عامرشمسی،محبوب شیخ سمیت دیگر بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیر نے کہا کہ معاشی انقلاب برپا کرنے اور تجارتی پالیسیوں میں بہتری کے لیے فیڈریشن تاجربرادری اور حکومت کے مابین پل کاکرداراداکریگا۔انہوں نے کہا کہ تاجروصنعتکاربرادری کے حقیقی مسائل کو حل کیاجارہا ہے اور لوٹ مار کابازار ختم کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام چیمبرز،ایسوسی ایشنز کی جانب سے بھرپوراعتماد پر تاجروصنعتکاربرادری کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں اور اس بات کی یقین دہانی کراتا ہوں کہ موجودہ فیڈریشن کی قیادت بلاامتیاز اوربلاتفریق تاجروصنعتکاربرادری کی خدمت کریگی ۔

اس موقع پر نوید بخاری نے کہا کہ فیڈریشن کے انتخابات میں شاندارکامیابی ایس ایم منیر اورانکے ساتھیوں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے ،مخالف گروپ کو چاہیے کہ اب وہ موجودہ قیادت کو کام کرنے کا موقع فراہم کرے تاکہ پاکستان کی معاشی حالات میں بہتری رونما ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کساد بازاری کے باعث برآمدات میں کمی رونما ہورہی ہے لہذا کسی فرد واحد کو نشانہ بنانا قابل افسوس عمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن آف پاکستان میں مخالف گروپ میں موجود حقیقی تاجروصنعتکار نام نہاد لیڈروں کو سیاست چمکانے کا موقع دینے کی بجائے متحد ہوکر درپیش چیلنجوں کامقابلہ کرے تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کامثبت امیج ابھر سکے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :