صوبائی وزیر بیگم ذکیہ شاہنواز کا حکومت پنجاب کے تحت نئی قائم کردہ لینڈ فل سائٹ لکھو ڈیر کا دورہ

گھروں کا کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کیلئے جدید ترین سسٹم کی آزمائشی تنصیب ایک کامیاب تجربہ ثابت ہوئی ہے‘ بیگم ذکیہ شاہنواز

جمعہ 12 فروری 2016 18:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء ) صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات وپاپولیشن ویلفیئر بیگم ذکیہ شاہنوازنے کہا ہے کہ ماحول کو صاف رکھنا ایک قومی ذمہ داری ہے جس سے عہدہ براہ ہونے کے لئے وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی کاوشیں قابل تعریف ہیں جنہوں نے صوبے کے بڑے شہر کی آلودگی میں کمی لانے کے لئے نیچرل کلیننگ پراجیکٹس کی منظوری دی،جس کے ثمرات سے لاہور کے شہری مستفید ہورہے ہیں،اس ضمن میں ترکی کی کمپنیاں نہ صرف لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی سرپرستی میں صفائی ستھرائی کا نظام بہتر کرنے میں معاونت کررہی ہیں بلکہ لاہور شہر سے جمع شدہ کوڑا کرکٹ کی مناسب طریقے سے پروسیسنگ کر کے قدرتی کھاد بنارہی ہیں اور ڈی کمپوز نہ ہونے والی فالتو اشیاصنعتوں کو فراہم کررہی ہیں تاکہ ہمارے صنعتی ادارے ماحولیات کے عالمی معیار کے مطابق کام کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار بیگم ذکیہ شاہنواز نے حکومت کی قائم کردہ نئی سینٹری لینڈ فل سائٹ لکھو ڈیر،لاہور کمپوزڈپلانٹ اور محمود بوٹی ڈمپنگ سائٹس کے دورہ کے موقع پر میڈیا بریفنگ میں کیا۔انہوں نے کہا کہ نیچرل ڈی کمپوزیشن کے ذریعے کوڑے کو انوائرمنٹ فرینڈلی بنا کر قدرتی کھاد کا بنایا جانا ایک مفید عمل ہے۔لاہورمیں گھروں کا کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے اس جدید ترین سسٹم کی آزمائشی تنصیب ایک کامیاب تجربہ ثابت ہوئی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ کوڑے کو ایندھن کے طور پر استعمال کرنے کے لئے ڈی جی خان سیمنٹ فیکٹری کو فراہم کیا جارہا ہے۔ان تمام انتظامات سے نہ صرف کوڑے کرکٹ کا مناسب نظام وضع کیا گیا ہے بلکہ شہر میں گندگی اور تعفن کو کم کرکے ماحول کو صاف رکھنے میں مدد مل رہی ہے۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اکمل چیمہ،ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ،ڈائریکٹر ماحولیات نسیم الرحمن اور محکمہ تحفظ ماحولیات کے افسران بھی موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :