پاکستانی تاجروں کو پرتگال کے تاجروں کے ساتھ ملکر مختلف شعبوں میں میں مشترکہ منصوبہ سازی کی دعوت

دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے، پاکستانی تاجر پرتگال پر خصوصی توجہ مرکوز کرکے بڑی مارکیٹ سے بھرپور فائدہ اٹھائیں‘ پرتگال کے چارج ڈی افیئرز جواو پالو سابیڈو کی لاہور چیمبر کے عہدیداران سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 12 فروری 2016 17:36

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء) پرتگال کے چارج ڈی افیئرز جواو پالو سابیڈو نے پاکستانی تاجروں کو دعوت دی ہے کہ وہ پرتگال کے تاجروں کے ساتھ مل کر ٹیکسٹائل، فوڈ، چاول، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کھیلوں کے سامان اور زرعی شعبے میں مشترکہ منصوبہ سازی کریں جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ وہ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔

پاکستان پرتگال بزنس کونسل کے صدر اویس اور لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پرتگال کے چارج ڈی افیئرز نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش موجود ہے، پاکستانی تاجر پرتگال پر خصوصی توجہ مرکوز کرکے بڑی مارکیٹ سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات معیار اور قیمت کے حوالے سے بہترین اور پرتگال کی منڈی میں باآسانی اپنی جگہ بناسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے چیمبرز کے درمیان ٹھوس روابط اور تجارتی وفود کا تبادلہ باہمی تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرتگال یارن کا بڑا درآمد کنندہ ہے جس سے پاکستان کے یارن سیکٹر کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پرتگال توانائی کا بڑا حصہ متبادل ذرائع سے پیدا کرتا ہے ، پاکستان اس شعبے میں پرتگال کی مہارت سے بھرپور فائدہ اٹھاسکتا ہے۔

لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر الماس حیدر نے کہا کہ پاکستانی تاجر پرتگال کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی شدید خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کا حجم تسلی بخش نہیں، اسے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے نجی شعبہ کو اہم کردارادا کرنا چاہیے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعی دنے کہا کہ پاکستان سے پرتگال کو برآمدات کا بڑا حصہ ٹیکسٹائل مصنوعات پر مشتمل ہے، دونوں ممالک کو تجارت کے لیے نئی مصنوعات متعارف کرانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کا تبادلہ اور سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد دو طرفہ تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :