میرپورخاص ضلع میں کام کرنے والی غیر فعال غیر سرکاری سماجی تنظیموں کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی ،ڈپٹی کمشنر

جمعہ 12 فروری 2016 16:56

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 فروری۔2016ء) ڈپٹی کمشنر سیدمہدی علی شا ہ نے کہا ہے کہ میرپورخاص ضلع میں کام کرنے والی غیر فعال غیر سرکاری سماجی تنظیموں(این جی اوز) کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائیگی ۔ یہ انتباہ انہوں نے میرپورخاص ضلعے میں عوامی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنے والی این جی اوز کی کارکردگی کاجائزہ لینے کے متعلق دربار ہال میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیا ۔

انہوں نے این جی اوز کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل حل کرنے کیلئے اُن مسائل کو ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی میں پیش کیا جائے اور ضلعے میں جس شعبے میں بھی کام کریں اُس کی اطلاع متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کو ضرور دی جائے اور انتظامیہ سے رابطے میں رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی سطح پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے بعد اب تعلقہ سطح پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں وجیلینس کمیٹیاں بھی تشکیل دی جائینگی جس میں این جی اوز کے نمائندے بھی شامل ہونگے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے تعلقوں میں کام کرنے والی این جی اوز کے کاموں کی نگرانی کریں ۔ اس موقع پر مقامی این جی اوز کے نمائندوں نے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ضلعے میں کام کرنے والی انٹرنیشنل این جی اوز مقامی این جی اوز سے رابطے میں نہیں ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مستقبل میں انٹرنیشنل این جی اوز کو پابند کیا جائیگا کہ وہ جس شعبے میں بھی کام کریں پیشگی اجازت نامہ ضلعی انتظامیہ سے لیں اور رابطے میں رہیں ۔

اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مس ساجدہ پروین نے بتایا کہ ضلعے میں 140این جی او ز محکمہ سوشل ویلفیئر میں رجسٹرڈ ہیں جس میں سے 33فعال ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے تحت این جی اوز کی ویریفکیشن کی جارہی ہے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر Iاصغرجویہ، سوشل ویلفیئر آفیسر جنید مرزا، اسسٹنٹ کمشنروں ، متعلقہ افسران اورمختلف این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :