صوبائی خودمختاری واپس لینے سے وفاق پر منفی اثرات مرتب ہونگے‘ ملک میں دہشتگردی کا مکمل خاتمہ اور تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست صارفین کو دیا جائے‘میٹرو بس اور اورنج ٹرین جیسے غیر ترجیحی منصوبے لیگی حکومت کی بد حواسی کا شاہکار ہیں“صحت، تعلیم اور خوراک و صاف پانی کے بعد لگژری سفر سے کسی کو انکار نہیں

پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر وسابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود کی میڈیا سے بات چیت

جمعہ 12 فروری 2016 16:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 فروری۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر وسابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کا مکمل خاتمہ اور تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست صارفین کو دیا جائے‘ صوبائی خودمختاری واپس لینے سے وفاق پر منفی اثرات مرتب ہونگے، یہ بات انہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین کے ہمراہ اپنے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہی کہ میٹرو بس اور اورنج ٹرین جیسے غیر ترجیحی منصوبے لیگی حکومت کی بد حواسی کا شاہکار ہیں‘ پہلے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی ضروری ہے، صحت، تعلیم اور خوراک و صاف پانی کے بعد لگژری سفر سے کسی کو انکار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے 1973ء کا متفقہ آئین دیا اور مختلف اوقات میں ملک پر مسلط ہونیوالے ڈکٹیٹروں کی من پسند ترمیم کو ختم کرکے اسے اصل حالت میں بحال اور 18ویں ترمیم کے تحت صوبوں کو خود مختاری دے کر ملک کے اندر جمہوریت کو مضبوط بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا لیکن افسوس کہ آمریت کی گود اور چھتری میں پروان چڑھنے والی مسلم لیگ (ن) نے ماضی کی تاریخ سے سبق حاصل کرنے کی بجائے ایک مرتبہ پھر مارشل لا ئی قوانین کا سہارا لے کر صوبائی خود مختاری کو ختم اور جمہوریت کو کمزور کرنے کی سازشیں شروع کردیں ہیں۔

(جاری ہے)

سرکاری اداروں کی نجکاری کے نام پر لوٹ مار اور غریب ملازمین کا معاشی قتل عام بدترین انتقامی کارروائیاں ان کا اصل منشور اور ایجنڈا بن کر رہ گیا ہے۔