گورنر خیبر پختونخوا کااستعفیٰ منظور کرنے کے لئے انتہائی ہچکچاہٹ سے سمری ایوان صدر بھیجی ، سردار مہتاب احمد نے خیبرپختونخوا اور فاٹا کی عوام کی بہبود کے لئے گرانقدر خدمات انجام دیں‘ ان کا کردار اور اصول پسندی پارٹی کے لئے تقویت کا باعث ہے‘ دعا گو ہوں کہ وہ مستقبل میں بھی اسی طرح پاکستان کی خدمت کرتے رہیں

وزیر اعظم نواز شریف کاخیبر پختونخوا کے مستعفی ہونے والے گورنر سردار مہتاب احمد خان کو خط

جمعہ 12 فروری 2016 12:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 فروری۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف نے انسداد پولیو مہم ‘ آئی ڈی پیز کی گھروں کو واپسی سمیت پارٹی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے مستعفی ہونے والے گورنر خیبر پختونخواہ سردار مہتاب احمد خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے خیبرپختونخوا اور فاٹا کی عوام کی بہبود کے لئے گرانقدر خدمات انجام دیں‘ ان کا کردار اور اصول پسندی پارٹی کے لئے تقویت کا باعث ہے‘ دعا گو ہوں کہ وہ مستقبل میں بھی اسی طرح پاکستان کی خدمت کرتے رہیں۔

جمعہ کو وزیراعظم نواز شریف نے خیبر پختونخوا کے مستعفی ہونے والے گورنر سردار مہتاب احمد خان کو خط ارسال کیا۔ خط میں وزیراعظم نے کہا کہ گورنر کا استعفیٰ منظور کرنے کے لئے انتہائی ہچکچاہٹ سے سمری ایوان صدر بھیجی سمجھ سکتا ہوں کہ ذاتی وجوہات کی بناء پر آپ کے لئے گورنر کے عہدے پر کام کرنا ممکن نہ تھا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے گورنر کے پی کے کی خدمات کا اعتراف کر تے ہوئے کہا کہ جمہوریت اور وفاق کو مضبوط کرنے کیلئے انکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا صوبے کے لوگوں کیلئے بھی انکی خدمات قابل تعریف ہیں۔

خط کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئی ڈی پیز کی واپسی اور پولیو مہم کے خاتمے میں انکا کردار انتہائی مثبت رہا ہے جبکہ انہوں نے صوبے کے عوام کیلئے بے پناہ خدمات سر انجام دی ہیں۔ ان کا کردار اور اصول پسندی پارٹی کے لئے تقویت کا باعث بنی۔ دعا گو ہوں کہ وہ مستقبل میں بھی اسی طرح پاکستان کی خدمت کرتے رہیں۔